پنجاب فوڈ اتھارٹی کا ایکشن،200لٹر ناقص دودھ تلف
مری ایکسریس وے پر 20گاڑیوں کی چیکنگ، ایک کو 4ہزارجر مانہ
مری ( نمائندہ دنیا )پنجاب فوڈ اتھارٹی مری نے ناقص اور ملاوٹی دودھ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایکسپریس وے مری پر ناکہ بندی کر کے متعدد دودھ بردار گاڑیوں کی جانچ پڑتال کی،اس دوران 20 دودھ بردار گاڑیوں میں موجود 5 ہزار 390 لٹر دودھ کو چیک کیا گیا، 200 لٹر دودھ ناقص اور پانی ملا پایا گیا جسے موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔ مزید کارروائی کرتے ہوئے ناقص دودھ سپلائی کرنے پر ایک گاڑی کو 4 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے دودھ بردار گاڑیوں کی روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ کی جا رہی ہے جبکہ مختلف داخلی راستوں پر ناکہ بندیاں کر کے سپلائی چین کی نگرانی کو مزید سخت کیا گیا ہے ۔ترجمان نے بتایا کہ ملاوٹ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری ہے اور کسی بھی قسم کی غفلت یا غیر معیاری خوراک کی ترسیل برداشت نہیں کی جائے گی۔