جرائم پیشہ عناصر کیخلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کیا جائے ،آئی جی

جرائم پیشہ عناصر کیخلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کیا جائے ،آئی جی

گشت کا نظام مؤثر ،ہاٹ سپاٹس پرپولیس کی موجودگی ،چیکنگ سخت کرنیکی ہدایت

اسلا م آباد (خصوصی رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس علی ناصر رضوی کی زیرِ صدارت اجلاس میں اسلام آباد میں جرائم کی مجموعی صورتحال، سکیورٹی انتظامات، زیرِ تفتیش مقدمات کی پیش رفت، اشتہاری و عادی مجرمان کے خلاف کارروائیوں اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے افسران سے جاری ٹاسکس پر پیش رفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے واضح کیا کہ کارکردگی میں بہتری، شفافیت اور بروقت رسپانس ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔آئی جی نے ہدایات جاری کیں کہ سنگین جرائم، بالخصوص ڈکیتی، چوری اور منشیات فروشی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کیا جائے۔

اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور اس ضمن میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔تھانوں کی سطح پر شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی، فوری شنوائی اور میرٹ پر کارروائی کو یقینی بنایا جائے ۔گشت کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے اور ہاٹ سپاٹس کی نشاندہی کرکے وہاں پولیس کی موجودگی بڑھائی جائے۔ جدید ٹیکنالوجی، سیف سٹی کیمروں اور ڈیجیٹل مانیٹرنگ کو بھرپور طریقے سے استعمال میں لایا جائے ۔سیکیورٹی ہائی الرٹ علاقوں، اہم تنصیبات اور عوامی مقامات کی نگرانی مزید سخت کی جائے ۔مزید برآں، آئی جی اسلام آباد اسلام آباد پولیس کے جاری ترقیاتی منصوبوں، فورس کی ویلفیئر،رہائشی و طبی سہولیات اور پولیس اسٹیشنز میں عوامی سہولت کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں