آئی ٹی سیکٹر کی وسیع پیمانے پر مردم شماری (IT Census) کا آغاز
ملک میں موجود انسانی وسائل، ڈیجیٹل صلاحیتوں ،تکنیکی انفراسٹرکچر کا ڈیٹا اکٹھاکیاجائیگا
اسلام آباد (دنیا رپورٹ )پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار آئی ٹی سیکٹر کی وسیع پیمانے پر مردم شماری (IT Census) کا آغاز کیا جا رہا ہے ۔ یہ اہم منصوبہ وفاقی ادارہ شماریات اور وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کام کے باہمی تعاون سے عمل میں لایا جا رہا ہے جس کا بنیادی مقصد ملک میں موجود انسانی وسائل، ڈیجیٹل صلاحیتوں اور تکنیکی انفراسٹرکچر کا درست ڈیٹا اکٹھا کرنا ہے ۔ اس مردم شماری کے ذریعے ملک بھر کے نوجوانوں کی ڈیجیٹل مہارتوں، سافٹ ویئر ڈویلپرز، فری لانسرز، تکنیکی ماہرین اور کال سینٹرز کا جامع ڈیٹا مرتب کیا جائے گا۔اس اقدام کا مرکزی ہدف آئی ٹی انڈسٹری کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور ملک میں ڈیجیٹل معیشت کو مستحکم کرنا ہے ۔ حکومتی حکام کے مطابق یہ مردم شماری آئی ٹی انڈسٹری کے لیے ایک گیم چینجر ثابت ہوگی کیونکہ اس سے حاصل ہونے والا درست ڈیٹا مستقبل کی پالیسی سازی، برآمدات میں اضافے اور نوجوانوں کی تربیت کے لیے نئے پروگرام ترتیب دینے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔