غیر قانونی سگریٹ تجارت، 300ارب سے زائد کا نقصان ،مبشر اکرم
ایف بی آر کا سگریٹ انڈسٹری میں کریک ڈاؤن سے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے
اسلام آباد(دنیا رپورٹ ) ایف بی آر کی جانب سے غیر قانونی سگریٹ تجارت اور ٹیکس چوری کے خلاف حالیہ کریک ڈاؤن کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں ،رواں مالی سال سگریٹ انڈسٹری سے تقریباً 50 ارب روپے اضافی ریونیو حاصل ہونے کی توقع ہے ۔ اس بات کا اظہار ایکٹ الائنس پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر مبشر اکرم نے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ سگریٹ سیکٹر سے ٹیکس ریونیو بڑھانے میں اصل رکاوٹ سگریٹ پر ٹیکس کی شرح نہیں بلکہ غیر قانونی سگریٹ تجارت کا حجم ہے ۔غیر قانونی سگریٹ تجارت کی وجہ سے پاکستان کو سالانہ 300 ارب سے زائد کا نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے ۔ انہوں نے کچھ این جی اوز پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال وفاقی بجٹ سے قبل بعض این جی اوز سگریٹسں پر ٹیکس بڑھانے کے ون پوائنٹ ایجنڈا کے تحت لابنگ شروع کر دیتے ہیں، جبکہ وہ غیر قانونی مقامی سگریٹ انڈسٹری اور ٹیکس چوری کے خلاف ہمیشہ خاموش رہتی ہیں۔