اقرا یونیورسٹی کا کانووکیشن ،538طلبہ کو ڈگریاں عطا
بہترین کارکردگی پر 61طلباء کو گولڈ میڈلز ،8 پی ایچ ڈی سکالرز کو ڈاکٹریٹ کی ڈگریاںملیں تعلیم محض ذاتی کامیابی نہیں معاشرے اور ریاست کے تئیں ایک ذمہ داری بھی ،احسن اقبال
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) اقراء یونیورسٹی کا کانووکیشن گزشتہ روز جناح کنو نشن سنٹر میں ہوا جس میں فارغ التحصیل طلباء کی تعلیمی کامیابیوں کو سراہا گیا۔ تقریب میں اسلام آباد ایچ نائن (H-9) اور چک شہزاد کیمپسز کے 538 فارغ التحصیل طلباء میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں، جن کا تعلق انڈر گریجویٹ، گریجویٹ اور ڈاکٹریٹ پروگرامز سے تھا۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے ۔ انہوں نے فارغ التحصیل طلباء سے خطاب کرتے ہوئے قومی ترقی میں تعلیم کی اہمیت پر زور دیا اور انہیں ترغیب دی کہ وہ اپنے علم اور مہارت کو ذمہ داری اور مقصد کے حصول کے لیے استعمال کریں۔تعلیم محض ایک ذاتی کامیابی نہیں بلکہ معاشرے اور ریاست کے تئیں ایک ذمہ داری بھی ہے ، طلباء جدت طرازی، دیانت داری اور پیشہ ورانہ مہارت کے ذریعے پاکستان کے روشن مستقبل میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ وائس چانسلر ڈاکٹر نصر اکرام نے فارغ التحصیل کلاس کو مبارکباد دیتے ہوئے طلباء، والدین اور فیکلٹی ممبران کی کوششوں کو سراہا۔ بہترین تعلیمی کارکردگی پر 61طلباء کو گولڈ میڈلز سے نوازا گیا۔ کانووکیشن میں 8پی ایچ ڈی اسکالرز کو ان کی ڈاکٹریٹ کی ڈگریاں تفویض کی گئیں۔