شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ،سکیورٹی سخت کی جائے ،آئی جی
کھلی کچہری میں شہریوں کے مسائل سنے ،درخواستوں پر فوری کارروائی کی ہدایت
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس علی ناصر رضوی نے ڈی آئی جی جواد طارق اور ایس پی سٹی زون کے ساتھ میٹنگ کی جس میں وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی صورتحال، جرائم کی روک تھام، سکیورٹی اقدامات اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔آئی جی نے سٹی زون کی کارکردگی، گشت کے نظام، پولیس رسپانس، سکیورٹی انتظامات اور شہریوں کے مسائل کے فوری ازالے سے متعلق اقدامات کا بھی جائزہ لیا۔
انہوں سینئر پولیس افسران کو ہدایت کی کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیوں کو مزید مؤثر بنایا جائے اور تمام افسران فیلڈ میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے ، لہٰذا تمام افسران اپنی ذمہ داریاں ایمانداری، پیشہ ورانہ مہارت اور ذمہ داری کے ساتھ ادا کریں۔ بعد ازاں آئی جی نے سنٹرل پولیس میں اوپن ڈور پالیسی کے تحت کھلی کچہری کا انعقاد کیا، شہریوں اور پولیس افسران کے مسائل سنے اور ان کے فوری حل کے لیے موقع پر ہی احکامات جاری کیے ۔