ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت اجلاس ،مختلف محکموں کی کارکردگی کا جائزہ
ایک ہفتہ میں 350سے زائد گداگر گرفتار ،200گراں فروش بھی دھرلئے ،بریفنگ
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی زیر صدارت ضلعی انتظامیہ کے افسران کا کارکردگی جائزہ اجلاس ہوا جس میں تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور مجسٹریٹس کی مختلف شعبوں میں کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں گراں فروشوں کے خلاف کارروائیوں، عدالتی امور، انسداد گداگری مہم، انسداد تجاوزات، ڈینگی سے بچاؤ کے اقدامات، اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائیوں کا جائزہ پیش کیا گیا۔اس کے علاوہ، ون ڈش کی خلاف ورزی پر شادی ہالز، انڈور شیشہ کیفے ، اور روٹی نان کی قیمتوں سے متعلق کارروائیوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 350 سے زائد گداگروں کو حوالات منتقل کیا جا چکا ہے ۔ حکومتی ریٹ لسٹ کی خلاف ورزی پر 200 سے زائد گراں فروشوں کے خلاف کارروائیاں کی گئیں۔ون ڈش کی خلاف ورزی پر شادی ہالز کی سیلنگ اور بھاری جرمانوں کی رپورٹ بھی اجلاس میں پیش کی گئی۔ ضلعی انتظامیہ کی اوپن ڈور پالیسی پر عمل درآمد کے حوالے سے بھی جائزہ لیا گیا۔مزید برآں، گھروں کے باہر غیر قانونی کیبنز ہٹانے کی مہم کے اعدادوشمار بھی پیش کیے گئے۔