راولپنڈی میں 6مویشی منڈیاں، 16مئی سے فعال ہونگی

راولپنڈی میں 6مویشی منڈیاں، 16مئی سے فعال ہونگی

شہر میں 8مقامات سیل پوائنٹ کیلئے مخصوص،منڈیوں سے باہر کاروبار پر پابندی ہوگی

راولپنڈی (نیوز رپورٹر) کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک کی زیر صدارت مویشی منڈیوں کے انتظامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں عیدالاضحیٰ کیلئے راولپنڈی ڈویژن میں قائم کی جانے والی سرکاری مویشی منڈیوں کے انتظامات، سکیورٹی، صفائی، ٹریفک مینجمنٹ، شہری سہولیات اور دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ راولپنڈی ڈویژن میں مجموعی طور پر 6سرکاری مویشی منڈیاں قائم کی جا رہی ہیں جو 16مئی سے عیدالاضحیٰ تک 24گھنٹے فعال رہیں گی۔ ضلع اٹک میں 3مویشی منڈیاں قائم کی جائیں گی جن میں پہلی مین پشاور روڈ اٹک، دوسری مین پنڈی گھیب روڈ اٹک جبکہ تیسری سول ہسپتال سی پیک لنک روڈ اٹک کے قریب قائم کی جائے گی۔ ضلع چکوال میں مین چکوال، راولپنڈی روڈ چک نورنگاسٹاپ پر مویشی منڈی قائم ہوگی جبکہ ضلع تلہ گنگ میں میانوالی روڈ مین بائی پاس پر مویشی منڈی قائم کی جائے گی۔ اسی طرح راولپنڈی ڈویژن میں کلر سیداں کے قریب منگل بائی پاس کے مقام پر مویشی منڈی قائم کی جائے گی۔ سرکاری منڈیوں کے علاوہ کیٹل مارکیٹ کی روایتی منڈیوں اپنے مخصوص ایام میں فعال رہیں گی، اسکے ساتھ ساتھ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اپنے اپنے اضلاع میں خصوصی سیل پوائنٹس کی نشاندہی کی گئی ہے اور ان پوائنٹس کے علاوہ کہیں بھی جانوروں کی خرید و فروخت کی اجازت نہیں ہو گی۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی جانب سے ضلع راولپنڈی میں 8مقامات سیل پوائنٹ کیلئے مخصوص کیے گئے ہیں۔ راولپنڈی کینٹ میں بھاٹہ چوک موضع شیخ پور، موضع رانیال چکری روڈ اور پولیس سٹیشن روات نزد جی ٹی روڈ کے قریب پلاٹ پر سیل پوائنٹس نوٹیفائی کیے گئے ہیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں