حالات ٹھیک نہیں ،کشمیر الیکشن ملتوی کئے جائیں ،پاکستان نظریاتی پارٹی
حالات ٹھیک نہیں ،کشمیر الیکشن ملتوی کئے جائیں ،پاکستان نظریاتی پارٹی کشمیر ی غدار نہیں ، مسئلہ مذاکرات سئے حل کیا جائے ،شہیر سیالوی ،سردار زبیر
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) پاکستان نظریاتی پارٹی کے چیئرمین شہیر حیدر سیالوی اور آزاد کشمیر کے پارٹی چیئرمین سردار زبیر نے نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال انتہائی تشویشناک ہے ، حکومت اور عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان اختلافات مذاکرات کے ذریعے فوری حل کیے جائیں تاکہ پاکستان اور کشمیر کے درمیان اعتماد کو نقصان نہ پہنچے ۔شہیر حیدر سیالوی نے کہا کہ کشمیری عوام نے ہمیشہ پاکستان سے محبت کی ہے اور پاکستان کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں، تاہم حالیہ حالات اور بعض سیاسی بیانات نے کشمیری عوام کے دل آزاری کی ہے ۔ پوری کشمیری قوم کو غدار قرار دینا ناقابل قبول ہے ، کیونکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام آج بھی پاکستان کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو طاقت کے استعمال کے بجائے عوامی نمائندوں اور مظاہرین سے مذاکرات کرنے چاہئیں ۔
آزاد کشمیر کے عوام کے بنیادی مسائل، خصوصاً آٹا، بجلی اور دیگر ضروریات زندگی کے حوالے سے حکومت کو فوری اقدامات کرنے چاہئیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات ایک ماہ کے لیے ملتوی کیے جائیں تاکہ حالات معمول پر آ سکیں اور تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابی مہم چلانے کا یکساں موقع مل سکے ۔ سردار زبیر نے کہا کہ کشمیری عوام پاکستان سے محبت کرتے ہیں، لیکن انہیں درپیش مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں بڑھتی ہوئی مایوسی کو ختم کرنے کے لیے سیاسی قیادت کو زمینی حقائق کے مطابق فیصلے کرنا ہوں گے ۔