جمہوریہ قراقلپاقستان کے وفد کا حبیب رفیق انجینئرنگ کا دورہ
جمہوریہ قراقلپاقستان کے وفد کا حبیب رفیق انجینئرنگ کا دورہ وفد کا شاندار استقبال ،مختلف شعبوں میں سٹرٹیجک شراکت داری کے امکانات پر تبادلہ خیال
اسلام آباد (دنیا رپورٹ ) جمہوریہ ازبکستان کے خودمختار علاقے جمہوریہ قراقلپاقستان کے ایک اعلیٰ سطحی سرکاری وفد نے مختلف اسٹریٹجک شعبوں میں ادارہ جاتی تعاون، سرمایہ کاری اور ترقیاتی مواقع کا جائزہ لینے کے لیے حبیب رفیق انجینئرنگ پرائیویٹ لمیٹڈ کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا۔ وفد کا استقبال حبیب رفیق لمیٹڈ کے چیئرمین زاہد رفیق اور کمپنی کی سینئر قیادت نے کیا۔وفد کی قیادت قراقلپاقستان کی وزرائے کونسل کے چیئرمین فرخود ارمانوف کر رہے تھے ، جبکہ پاکستان میں جمہوریہ ازبکستان کے سفیر علی شیر تختائیف بھی ان کے ہمراہ تھے ۔وفد میں سرمایہ کاری کے فروغ، منصوبہ جات پر عمل درآمد، صنعت و تجارت، غیر ملکی سرمایہ کاری، انفراسٹرکچر، صحت، زراعت، خوراک کی پیداوار و پراسیسنگ، سٹوریج سسٹمز، کپاس و اناج کی پیداوار، ادویہ سازی، لائیو سٹاک، ٹیکسٹائل، مُلَیٹھی (Licorice Root) کی کاشت، گوشت کی برآمدات اور دیگر ترجیحی شعبوں سے متعلق اعلیٰ سرکاری حکام شامل تھے ۔ملاقات کے دوران دونوں جانب سے ان شعبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جن میں جمہوریہ قراقلپاقستان کی حکومت اور حبیب رفیق باہمی تعاون کے ذریعے اقتصادی ترقی، انفراسٹرکچر کی توسیع، صنعتی فروغ اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات کر سکتے ہیں۔