اسلام آباد، ہفتہ وار سرچ آپریشن ، 3ہزار سے زائد افراد کی چیکنگ
84مشتبہ افراد اور 139موٹر سائیکلوں کو قانونی کارروائی کیلئے تھانے بند کیا گیا
اسلام آباد (اے پی پی) اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) پولیس نے گزشتہ ہفتے کے دوران وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی اقدامات کے تحت 41بڑے کومبنگ اور سرچ آپریشنز میں 3ہزار 100سے زائد افراد کی چیکنگ کی ۔ پولیس کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ یہ کارروائیاں انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی ہدایت پر مختلف زونز میں متعلقہ ایس پیز کی نگرانی میں کی گئیں۔انہوں نے بتایا کہ جامع تلاشی کو یقینی بنانے کے لیے لیڈی پولیس اہلکاروں نے بھی آپریشنز میں حصہ لیا۔
آپریشنز کے دوران 3 ہزار 104افراد، ایک ہزار 438گھروں، 246ہوٹلوں، 312دکانوں، ایک ہزار 588 موٹر سائیکلوں اور 616گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی۔ 84مشتبہ افراد اور 139موٹر سائیکلوں کو مزید تصدیق اور ضرورت پڑنے پر قانونی کارروائی کیلئے متعلقہ تھانوں میں منتقل کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ وفاقی دارالحکومت کے داخلی اور خارجی راستوں پر خصوصی چیکنگ پوائنٹس قائم کیے گئے جبکہ شہر بھر میں تمام پٹرولنگ یونٹس اور خصوصی اسکواڈز سکیورٹی کو موثر بنانے کیلئے متحرک رہے۔