برآمدات میں 70فیصد حصہ زراعت کا ،افتخار علی سہو
ازبکستان کے وفد سے زراعت و لائیوسٹاک بارے اہم میٹنگ ،تعاون بڑھانے کا عزم
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) ازبکستان کے اعلیٰ سطح کے وفد سے زراعت و لائیوسٹاک بارے اہم میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔ میٹنگ میں سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو، سیکرٹری لائیو سٹاک احمد عزیز تارڑ اور ازبکستان کے سفیر نے شرکت کی، وفدمیں ازبکستان کے سرمایہ کار اور ماہرین شامل تھے ۔ازبکستان کے وفد کے دورے کا مقصد زرعی شعبہ میں باہمی تعاون بڑھانا ہے ،سیکرٹری زراعت نے کہا کہ پاکستان میں زراعت کا جی ڈی پی میں 25فیصد حصہ ہے جبکہ پاکستان کی برآمدات میں 70فیصد حصہ زراعت اور اس کی مصنوعات کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب کا ملکی مجموعی زرعی پیداوار میں 70فیصد حصہ ہے۔
پنجاب سے آم اور کنو کی پراسیسنگ، ویلیو ایڈیشن اور برآمدات کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ زراعت و لائیوسٹاک کے شعبوں میں بہتری کے لیے پنجاب اور ازبکستان کے مشترکہ ورکنگ گروپس تشکیل دیئے گئے ہیں۔ سیکرٹری لائیو سٹاک احمد عزیز تارڑ نے کہا کہ صوبہ پنجاب کل ملکی پیداوار کا 60فیصد دودھ اور 65فیصد گوشت پیدا کرتا ہے ۔ازبک وفد نے کہا کہ پنجاب سے زندہ جانوروں اور حلال گوشت کی درآمد کی جائے گی جبکہ پروٹین کی ضروریات پوری کرنے کیلئے الفا الفا چارہ درآمد کیا جائے گا۔