روانڈا کے 32ویں یومِ آزادی کے موقع پر استقبالیہ تقریب
دوست ممالک کے نمائندوں، اعلیٰ سرکاری حکام، سفارتی کور کے اراکین اوردیگر کی شرکتروانڈا کے ساتھ دوستانہ تعلقات ہیں ،وقت کے ساتھ مزید مستحکم کرینگے ،بیرسٹر عقیل
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) پاکستان میں روانڈاہائی کمیشن کے زیرِ اہتمام روانڈا کے 32ویں یومِ آزادی کے موقع پر استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں پاکستان میں مقیم روانڈا کی برادری، روانڈا کے دوست ممالک کے نمائندوں، اعلیٰ سرکاری حکام، سفارتی کور کے اراکین، سفیروں، ہائی کمشنرز، کاروباری شخصیات، سرمایہ کاروں، ماہرینِ تعلیم، میڈیا نمائندگان اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔تقریب میں گزشتہ تین دہائیوں کے دوران روانڈا کی ترقی، قومی یکجہتی، استحکام، مزاحمت اور پائیدار ترقی کے سفر کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا، جبکہ پاکستان اور روانڈا کے درمیان بڑھتے ہوئے دوستانہ تعلقات اور دوطرفہ تعاون کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔ پاکستان میں روانڈا کی ہائی کمشنر ہریریمانا فاطو نے کہا کہ کویبوہورا روانڈا کی تاریخ کا ایک فیصلہ کن باب ہے ، جس نے ملک کو آزادی، امن اور ترقی کی نئی راہ پر گامزن کیا۔ انہوں نے ان بہادر روانڈا شہریوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے ٹوٹسی نسل کشی کا خاتمہ کیا اور ملک کو آزاد کرایا۔
انہوں نے روانڈا پیٹریاٹک آرمی (RPA) کے ان جوانوں کو بھی زبردست خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے آزادی کی جدوجہد میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ہائی کمشنر نے کہا کہ روانڈا پیٹریاٹک فرنٹ (RPF) کی قیادت، صدر پال کاگامے کی دوراندیش قیادت، عوام کی محنت اور عزم کے باعث روانڈا نے تاریخی ترقی کی ہے اور آج یہ ملک جدت، استقامت اور ترقی کی بدولت افریقہ کا ایک اہم معاشی اور سرمایہ کاری کا مرکز بن چکا ہے ۔تقریب کے مہمانِ خصوصی وزیرِ مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک تھے ۔ اپنے خطاب میں انہوں نے پاکستان اور روانڈا کے درمیان مضبوط اور فروغ پاتے ہوئے تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک دفاع، تجارت، صحت، تعلیم، زراعت، سیاحت اور پارلیمانی سفارت کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دے رہے ہیں۔