مون سون،آئیسکو کی صارفین سے احتیاطی تدابیر اپنا
زمین پر گرے تاروں، جھکے ہوئے بجلی کے کھمبوں کے قریب نہ جائیں ،آئیسکو چیف
اسلام آباد(دنیا رپورٹ )آئیسکو نے مون سون بارشوں کے پیش نظر صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی اور اپنے اہل خانہ کی حفاظت کیلئے بجلی سے متعلق تمام ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں ،چیف ایگز یکٹو چودھری خالد محمود نے کہا ہے کہ شدید بارش، آندھی اور طوفانی موسم کے دوران بجلی کی تنصیبات کے قریب غیر ضروری طور پر جانے سے گریز کریں۔ ٹوٹے ہوئے یا زمین پر گرے تاروں، جھکے ہوئے بجلی کے کھمبوں، خراب ٹرانسفارمرز یا دیگر برقی تنصیبات کے ہرگز قریب نہ جائیں اور ایسی کسی بھی صورتحال کی فوری اطلاع آئیسکو کے متعلقہ دفتر یا ہیلپ لائن نمبر 118پر دیں۔ بارش کے دوران برقی آلات کو گیلے ہاتھوں سے استعمال نہ کریں، گھروں کی اندرونی وائرنگ کو محفوظ رکھیں، مناسب ارتھنگ کو یقینی بنائیں اور بچوں کو بجلی کی تنصیبات سے دور رکھیں۔آئیسکو کا عملہ بجلی کی بلا تعطل اور محفوظ فراہمی کے لیے ہمہ وقت متحرک ہے۔