مہنگائی کیخلاف جماعت اسلامی کی آج سے تحریک کا آغاز
6اگست کو اسلام آباد میں آگاہی کیمپ، 7اگست کو ہر یونین کونسل میں موٹر سائیکل ریلیحکومت نے ایک سال میں پٹرولیم لیوی کی مد میں 16سو ارب سے زائد کمائے، نصراللہ
اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے) امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا نے کہا ہے کہ حکومت نے ایک سال میں پٹرولیم لیوی کی مد میں 16سو ارب روپے سے زائد کمائے ہیں جبکہ عوام پر مہنگائی کا بوجھ مسلسل بڑھ رہا ہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر سال لیوی کی آمدن میں اضافہ ہو رہا ہے، ایک لٹر پیٹرول پر 76روپے لیوی وصول کی جا رہی ہے۔ غریب ترین طبقے سے بھاری پیٹرولیم لیوی وصول کرنا شرمناک ہے، لیوی سے جمع ہونے والی رقم آئی پیز کو دی جاتی ہے۔ غربت کی شرح 40فیصد اور پنجاب میں 42فیصد تک پہنچ گئی ہے، آج سے 7اگست تک ملک بھر میں تحریک چلائے جائے گی۔ اسلام آباد میں ہر یونین کونسل کی سطح پر احتجاج کیا جائے گا۔ آئندہ جمعہ کو مساجد کے باہر مظاہرے ہوں گے، معاشرے کے ہر طبقے سے ملاقاتیں کر کے انہیں تحریک کا حصہ بنایا جائے گا اور موٹر سائیکل ریلیاں نکال کر عوامی شعور بیدار کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ 6اگست کو اسلام آباد کے 8اہم مقامات پر آگاہی کیمپ لگائے جائیں گے۔ 7اگست کو ہر یونین کونسل سے موٹر سائیکل ریلی نکال کر ایک مرکزی مقام پر جمع ہوا جائے گا جہاں دھرنا دیا جائے گا۔ دھرنے کے مقام کا تعین آج کر لیا جائے گا۔ 7اگست کو رات 8بجے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان مرکزی دھرنے سے آن لائن خطاب کریں گے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments