میرپور بورڈ کے میٹرک نتائج ، طالبات سبقت لے گئیں
سائنس گروپ میں تین طالبات نے 1184نمبر حاصل کرکے مشترکہ طور پر پہلی پوزیشن لی
مظفرآباد ( محمد اسلم میر) آزاد جموں و کشمیر تعلیمی بورڈ میرپور نے میٹرک (سیکنڈری سکول سرٹیفکیٹ پارٹ ٹو) سالانہ امتحان 2026 کے نتائج کا اعلان کر دیا ۔ طالبات نے سب سے زیادہ پوزیشنز حاصل کیں، سائنس گروپ طالبات میں تین طالبات نے 1200 میں سے 1184 نمبر حاصل کرکے مشترکہ طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ پیس ایجوکیشنل انسٹیٹیوٹ سہنسہ ضلع کوٹلی کی سمیعہ چوہدری، ریڈ فاؤنڈیشن کالج میرپور کی امامہ مزمل اور ریڈ فاؤنڈیشن ہائی سکول سنگر بٹھارہ ضلع باغ کی مہروش نعیم عباسی نے 1184 نمبر حاصل کیے۔
اسی گروپ میں مخزارا شاہد اور نتالیہ محبوب نے 1183 نمبر حاصل کرکے مشترکہ دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ وردہ امجد، ادیبہ ظہیر، مومنہ شاہد، ثنا اعجاز اور ایمن اعجاز نے 1182 نمبر حاصل کرکے مشترکہ تیسری پوزیشن حاصل کی۔سائنس گروپ طلبہ میں گورنمنٹ ہائی سکول گوراہ ضلع سدھنوتی کے عبداللہ ریاض نے 1178 نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ ریڈ فاؤنڈیشن ہائی سکول دھیرکوٹ ضلع باغ کے احمد طاہر راجہ اور ریڈ فاؤنڈیشن سکول بگنامظفرآباد کے سرمد حفیظ اعوان نے 1176 نمبر کے ساتھ مشترکہ دوسری جبکہ اسی سکول کے راجہ حسن علی نے 1175 نمبر کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔
جنرل گروپ طالبات میں گورنمنٹ گرلز ہائی سکول مکھیا لہ، ضلع باغ کی فریال عمران نے 1127 نمبر کے ساتھ پہلی، کشمیر پبلک سکول پھگواڑی ضلع کوٹلی کی امامہ فاطمہ نے 1110 نمبر کے ساتھ دوسری جبکہ رائل ماڈل سکول بھمبر کی امریں مظہر نے 1108 نمبر کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔جنرل گروپ طلبہ میں ضلع باغ کے پرائیویٹ امیدوار عبداللہ مسعود توحیدی نے 1117 نمبر کے ساتھ پہلی گورنمنٹ پائلٹ ہائی سکول باغ کے محمد ایان نے 1110 نمبر کے ساتھ دوسری جبکہ ضلع باغ کے پرائیویٹ امیدوار محمد اریب خان نے 1102 نمبر کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ جنرل گروپ میں بھی طالبات نے تینوں اعلیٰ پوزیشنیں حاصل کرکے اپنی شاندار تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments