بری امام سرکار کے تین روزہ سالانہ عرس کی تقریبات اختتام پزیر
سیاسی، سماجی، مذہبی اور کاروباری شخصیات سمیت ملک بھر سے زائرین کی شرکت روحانی و مذہبی عقیدت کا سماں رہا ،حضرت بری امام سرکارؒ کو بھرپور خراج عقیدت
اسلام آباد(اپنے رپورٹرسے ) برصغیر کے ممتاز روحانی بزرگ حضرت شاہ عبداللطیف المعروف بری امام سرکارؒ کے تین روزہ سالانہ عرس المبارک کی تقریبات اختتام پزیر ہو گئیں، عرس کی روح پرور اور پُروقار اختتامی تقریب نورپور شاہاں میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں سیاسی، سماجی، مذہبی اور کاروباری شخصیات سمیت بڑی تعداد میں عقیدت مندوں اور زائرین نے شرکت کی۔ اختتامی تقریب کے موقع پر دربار شریف میں روحانی و مذہبی عقیدت کا سماں رہا اور شرکاء نے حضرت بری امام سرکارؒ کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔
تقریب میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، خادم دربار بری امام سرکار و بابا کلو سرکار راجہ سرفراز اکرم، کیپٹن (ر) محمد صفدر، وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی، انجم عقیل سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ زائرین کی حفاظت اور سہولت کے لیے دربار اور اطراف کے علاقوں میں پولیس و انتظامیہ کی جانب سے سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے ۔انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی جانب سے زائرین کے لیے لنگر، پارکنگ، سکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ، صفائی ستھرائی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا گیا، تاکہ ملک کے مختلف علاقوں سے آنے والے عقیدت مندوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔اختتامی تقریب میں علماء کرام اور مذہبی شخصیات نے حضرت بری امام سرکارؒ کی تعلیمات، روحانی خدمات اور انسانیت، محبت، رواداری اور بھائی چارے کے پیغام کو اجاگر کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments