آر ڈی اے کے دو پارکنگ پلازوں کی اوپن نیلامی
راجہ بازار پلازہ کا تین سالہ ٹھیکہ ذبیح اللہ کو سالانہ 6کروڑ 47لاکھ کرایہ پر دیا گیا تحصیل آفس کے سامنے پارکنگ پلازہ کا ٹھیکہ وسیلہ انٹرپرائزز کو 46 لاکھ میں دیا گیا
راولپنڈی(نیوزرپورٹر)کمشنر راولپنڈی و ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی سلمان غنی کی ہدایات پر آر ڈی اے کے دو پارکنگ پلازوں کی اوپن نیلامی کا انعقاد کیا گیا۔ نیلامی میں فوارہ چوک، راجہ بازار میں واقع پارکنگ پلازہ اور تحصیل آفس کے سامنے واقع پارکنگ پلازہ شامل تھے ۔ آکشن کمیٹی کا اجلاس ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ آر ڈی اے افتخار علی کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں ڈائریکٹر انجینئرنگ کومل چوہدری، ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس عائشہ بدر، ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ عبدالرحمٰن، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ محمد داؤد اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اوپن نیلامی کے دوران فوارہ چوک، راجہ بازار میں واقع آر ڈی اے پارکنگ پلازہ کا تین سالہ ٹھیکہ مسٹر ذبیح اللہ کو سالانہ 6 کروڑ 47 لاکھ 15 ہزار روپے کرایہ پر دیا گیا۔ اسی طرح تحصیل آفس کے سامنے واقع پارکنگ پلازہ کا ٹھیکہ وسیلہ انٹرپرائزز کو سالانہ 46 لاکھ 85 ہزار روپے کرایہ پر دیا گیا۔ آکشن کمیٹی نے موصول ہونے والی بولیوں کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے مقررہ قوانین اور ضابطہ کار کے مطابق نیلامی کا عمل مکمل کیا۔ کمیٹی کے ارکان نے پورے عمل کے دوران شفافیت، میرٹ اور قواعد و ضوابط کی پابندی کو یقینی بنایا۔ دونوں پارکنگ پلازوں کے ٹھیکوں کو حتمی شکل دینے سے قبل تمام متعلقہ شرائط و ضوابط کو بھی مدنظر رکھا گیا۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ دونوں پارکنگ پلازوں کے سالانہ کرایہ میں 10 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments