بین الاقوامی مقابلے میں پاکستانی ماہرِ ماحولیات کی ٹیم پہلے نمبر پر
بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کی فیکلٹی رکن ڈاکٹر بشریٰ غفار ٹیم کا حصہ رہیں
اسلام آباد(دنیا رپورٹ ) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد (آئی آئی یو آئی) کی فیکلٹی رکن ڈاکٹر بشریٰ غفار اْس ٹیم کا حصہ رہی ہیں جسے واپور ہیکاتھون 2026 کا فاتح قرار دیا گیا ہے ۔ یہ بین الاقوامی مقابلہ زرعی پانی کے انتظام میں سیٹلائٹ ڈیٹا کے استعمال سے متعلق تھا اور اس کا اہتمام ہالینڈ کے ادارے آئی ایچ ای ڈیلفٹ انسٹیٹیوٹ فار واٹر ایجوکیشن نے کیا۔ شعبہ ماحولیاتی سائنس میں اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ غفار \"ٹیم کین وائز\" کی رکن تھیں، جسے دنیا بھر سے شریک 47 ٹیموں میں سے اوّل قرار دیا گیا۔ فائنل مرحلے تک چھ ٹیمیں پہنچی تھیں، فاتح تجویز کین وائز جنوبی ایشیا کے گنے کے علاقوں کے ایک مشترکہ مسئلے سے متعلق ہے۔
شوگر ملوں پر لازم ہوتا ہے کہ وہ ہر سیزن میں اپنے کمانڈ ایریا کا سروے کریں اور کرشنگ کے تخمینے تیار کریں، مگر محدود تعداد میں فیلڈ افسران کو ہزاروں چھوٹے کاشتکاروں کے کھیتوں کا احاطہ کرنا ہوتا ہے ۔ نتیجتاً معائنہ ضرورت کے بجائے ایک مقررہ باری پر ہوتا ہے ، اور پانی کے دباؤ کا پتہ اکثر اْس وقت چلتا ہے جب پیداوار کا نقصان ہو چکا ہوتا ہے ۔\"کین وائز\" ایف اے او کے واپور سیٹلائٹ ڈیٹا سے حاصل ہونے والی بخارات و تعرق اور حیاتیاتی پیداوار کی معلومات کو، جو ہر دس دن بعد تازہ ہوتی ہیں، استعمال کرتے ہوئے دیہی کلسٹروں کی درجہ بندی کرتا ہے - ٹیم کین وائز کے دیگر ارکان میں ڈاکٹر فوزیہ ترنم ، نیتی مہروترا اور ڈاکٹر شرلی ایم اے شامل تھیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments