چیف کمشنر کا ڈپٹی کمشنر کیساتھ شہر کا دورہ، انتظامات کا جائزہ
سیکٹر E-11، غوری ٹائون اور دیگر علاقوں میں نکاسی آب کا معائنہ ، ہدایات جاری
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)چیئرمین سی ڈی اے وچیف کمشنر نے ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ بارش کے دوران سیکٹر E-11، غوری ٹائون اور اسلام آباد کے دیگر علاقوں کے فیلڈ دورے کیے ۔ اس موقع پر انہوں نے نکاسی آب، ڈی واٹرنگ، ٹریفک مینجمنٹ اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے انتظامات کا موقع پر خود جائزہ لیا تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف، تحفظ اور سہولت فراہم کی جا سکے ۔دریں اثنا چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد، ڈائریکٹر جنرل اسلام آباد واٹر، ڈائریکٹر جنرل ایمرجنسی سروسز اور تمام متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز بھی فیلڈ میں موجود رہے اور اپنے اپنے علاقوں میں جاری آپریشنز کی مسلسل نگرانی اور مانیٹرنگ کرتے رہے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے تمام متعلقہ محکموں اور فیلڈ ٹیموں کو جمع شدہ بارشی پانی کی فوری اور موثر نکاسی یقینی بنانے اور ٹریفک کی روانی کو محفوظ اور بلا تعطل رکھنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ بارش کے دوران اور بارش کے بعد فیلڈ ٹیمیں مکمل طور پر متحرک رہیں اور کسی بھی حساس یا نشیبی مقام کو بغیر نگرانی کے نہ چھوڑا جائے ۔چیئرمین سی ڈی اے نے نشیبی اور پانی جمع ہونے والے حساس علاقوں پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے ضرورت کے مطابق اضافی ڈی واٹرنگ مشینری فوری طور پر منتقل کرنے کے احکامات جاری کیے ۔ انہوں نے سڑکوں، انڈرپاسز، انٹرچینجز اور دیگر اہم مقامات کی مسلسل مانیٹرنگ کی بھی ہدایت کی تاکہ پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو اور شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments