یکم جنوری سے 16اکتوبر، ڈینگی کے 42کیسز رپورٹ
انسدادِ ڈینگی ٹیموں نے 382,452نگرانی اور کنٹرول کی سرگرمیاں انجام دیں
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وفاقی دارالحکومت میں ڈینگی کی روک تھام کیلئے کارروائیاں تیز کر دی گئیں، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس اسلام آباد نے ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے اور ویکٹر کنٹرول (مچھروں کی افزائش کی روک تھام) کے اقدامات کو مضبوط بنانے کیلئے، خاص طور پر نشاندہی شدہ ’ہاٹ سپاٹ‘ حساس مقامات) اور زیادہ خطرے والے علاقوں میں، ڈینگی کی نگرانی اور کنٹرول کی سرگرمیوں کو تیز کر دیا ہے۔ تازہ نگرانی کے اعداد و شمار کے مطابق، یکم جنوری سے 16اکتوبر تک اسلام آباد میں ڈینگی کے 42کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں 32کیسز دیہی علاقوں سے اور 10شہری علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ انسدادِ ڈینگی ٹیموں نے اسلام آباد بھر میں 382,452نگرانی اور کنٹرول کی سرگرمیاں انجام دیں۔ ان سرگرمیوں میں گھروں کے اندر اور باہر نگرانی، حساس مقامات (ہاٹ سپاٹ) کے دورے، مچھروں کے لاروا کے ذرائع کی نشاندہی اور عوامی آگاہی مہمات شامل تھیں۔ ان کارروائیوں کے دوران، ٹیموں نے مچھروں کے لاروا کی افزائش والی 7,669ایسی جگہوں کی نشاندہی کی اور انہیں کامیابی سے ختم کیا، جس سے ڈینگی کی روک تھام اور ویکٹر کنٹرول کی کوششوں میں نمایاں مدد ملی۔ حساس مقامات کی نگرانی کے سلسلے میں، ٹیموں نے 10,084 مقامات کا دورہ کیا۔ گھروں کے اندر کی جانے والی نگرانی کا عمل بھی وسیع پیمانے پر جاری رہا، جس کے تحت ٹیموں نے 72,305گھروں کا معائنہ کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments