تعلیم سماجی ضرورت نہیں ،مستقبل کی سٹرٹیجک سرمایہ کاری ، وجیہہ قمر

 تعلیم سماجی ضرورت نہیں ،مستقبل  کی سٹرٹیجک سرمایہ کاری ، وجیہہ قمر

اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) وزیرِ مملکت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے کہا ہے کہ پاکستان وسطی ایشیائی ممالک، بالخصوص ازبکستان کے ساتھ تعلیم، سائنس، تحقیق، مصنوعی ذہانت اور۔۔

 فنی و پیشہ ورانہ تربیت کے شعبوں میں تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے پرعزم ہے ، تعلیم محض سماجی ضرورت نہیں بلکہ قومی ترقی، معاشی استحکام اور روشن مستقبل کے لیے ایک سٹرٹیجک سرمایہ کاری ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے  تاشقند میں بین الاقوامی تعلیمی فورم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ فورم کا موضوع وسطی ایشیا میں مشترکہ تعلیمی نظام کی تشکیل اور بین الاقوامی تعاون تھا۔وزیرِ مملکت نے ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف کی تعلیمی اصلاحات اور سائنس و جدت کے فروغ کے لیے کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے تعلقات مشترکہ تاریخ، ثقافت، مذہبی اقدار اور صدیوں پر محیط علمی ورثے پر استوار ہیں۔انہوں نے کہا کہ سمرقند، بخارا اور تاشقند تاریخی طور پر علم و دانش کے عظیم مراکز رہے ہیں اور دونوں ممالک اس مشترکہ ورثے کو جدید تعلیمی و سائنسی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ وزیراعظم کی تعلیمی ایمرجنسی کے تحت سکولوں سے باہر بچوں کو تعلیمی اداروں میں لانے ، معیارِ تعلیم بہتر بنانے اور بالخصوص بچیوں کے لیے مساوی تعلیمی مواقع کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور سائنسی ترقی نے عالمی تعلیمی منظرنامے کو تبدیل کر دیا ہے ۔ 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...