فیض آباد تا گلبرگ کی کشادگی منصوبہ پر 28فیصد کام مکمل

فیض آباد تا گلبرگ کی کشادگی منصوبہ پر 28فیصد کام مکمل

سب گریڈ، سب بیس اور سب بیس (ٹاپ) سمیت کھدائی کا کام تیزی سے جاری آپریشن کے دوران اب تک 58عمارتیں سربمہر،124تعمیرات مسمار

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) اسلام آباد ایکسپریس وے سروس روڈ (ایسٹ) منصوبہ فیض آباد تا گلبرگ کی کشادگی و بحالی کے منصوبہ پر 28فیصد سے زائد ترقیاتی کام مکمل کر لیا گیا ہے ۔ سی ڈی اے حکام کے مطابق اسلام آباد ایکسپریس وے سروس روڈ (ایسٹ) منصوبے کے تحت فیض آباد تا گلبرگ تک تقریباً 9.3کلو میٹر طویل دو طرفہ تین رویہ کیرج روڈ تعمیر کی جارہی ہے ۔ زیر تعمیر روڈ پر سب گریڈ، سب بیس اور سب بیس (ٹاپ) سمیت کھدائی کا کام تیزی سے جاری ہے ۔اسلام آباد ایکسپریس وے سروس روڈ (ایسٹ) منصوبے کے اہم حصے انڈر پاس کی تعمیر پر بھی تیزی سے کام جاری ہے ۔ انڈر پاس کی تمام 153پائلز کا کام مکمل کر لیا گیا ہے ۔ علاوہ ازیں، پلوں اور نکاسی آب کیلئے مختلف کلورٹس پر بھی کام تیزی سے جاری ہے ۔چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے ) و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف کی ہدایت پر ایکسپریس وے ایسٹ کے اطراف ہر قسم کی غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات سمیت غیر مجاز تجارتی سرگرمیوں اور بلڈنگ کنٹرول قوانین کی خلاف ورزیوں کیخلاف انفورسمنٹ آپریشن بھی تیزی سے جاری ہے ۔ آپریشن کے دوران اب تک 58عمارتیں سربمہر جبکہ سوہان تا کھنہ پل 124تعمیرات نشاندہی کے بعد مسمار کی گئی ہے ۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ تعمیراتی کاموں کی تکمیل کے دوران کوالٹی کے معیار پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائیگا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...