گروہی تصادم، ٹریفک حادثے میں صحافی سمیت 2جاں بحق
موٹر سائیکل سوار صحافی ماجد تگر کو مٹھیانی بائی پاس پر ویگو گاڑی نے کچلاکنڈیارو کے نواحی گاؤں سرگانی میں فائرنگ سے ایک ہلاک 3افراد زخمی
کنڈیارو، پڈعیدن نمائندگان دنیا)گروہی تصادم اور ٹریفک حادثے میں 2 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے ۔ پڈعیدن کے قریب قومی شاہراہ مٹھیانی بائی پاس پر تیز رفتار ویگو کی نے موٹرسائیکل سوار صحافی کو کچل دیا، اور ڈرائیور گاڑی سمیت موقع سے فرار ہو گیا، ریسکیو ٹیم نے زخمی کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا، جہاں نوجوان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، متوفی کی شناخت نیشنل پریس کلب نوشہروفیروز کے صحافی ماجد تگر کے نام سے ہوئی، پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی۔ افسوسناک حادثے پر نیشنل پریس کلب کے صدر ایم ظفر تگر نے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔
دوسری جانب کنڈیارو کے نواحی گاؤں پریل سرگانی میں دو گروپوں کے درمیان ہونے والے تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ پولیس کے مطابق تصادم میں چار افراد زخمی ہوئے تھے ، جن میں غلام حیدر سرگانی کو تشویشناک حالت میں پہلے کنڈیارو اور بعد ازاں نواب شاہ اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ دورانِ علاج دم توڑ گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق شخص کی لاش نواب شاہ سے کنڈیارو منتقل کی جا رہی ہے ، جہاں پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔ پولیس کے مطابق واقعے میں زخمی ہونے والے دیگر افراد کی حالت بہتر بتائی جا رہی ہے ، جبکہ تصادم گھریلو تنازع پر ہوا۔