شکارپور:دولہا سمیت مقتولین سپرد خاک، 4ملزم مارنے کا دعویٰ

شکارپور:دولہا سمیت مقتولین سپرد خاک، 4ملزم مارنے کا دعویٰ

3لاشیں خانپور اسپتال منتقل، ایک کی تلاش جاری ہے ، ترجمان ایس ایس پیبارات پر حملہ ایک غلط اور قابلِ مذمت عمل ہے ،ایم پی اے محمد عارف خان

شکارپور(نمائندہ دنیا)شکارپور کے قریب مہر،جتوئی تنازع پربارات پر کیے گئے حملے میں جاں بحق دولہا الطاف حسین مہر، اس کا بھائی محمد حسن مہر اور ڈرائیور محمد رمضان مہر سپرد خاک کردیئے گئے ۔ قبل ازیں شادی ہال میں تینوں کی نمازِ جنازہ ادا کی گئی، تین افراد کے قتل میں ملوث ملزمان کے خلاف پولیس نے گاؤں سعد جتوئی میں آپریشن کیا، اور 4 ملزم مارنے کا دعویٰ کیا ہے ، ان میں سے 3 کی لاشیں خانپور اسپتال منتقل کی گئیں،ایس ایس پی شکارپور کے ترجمان کے مطابق پولیس کارروائی کے دوران قتل میں ملوث مجموعی طور پر 4 ملزم مارے گئے ہیں، جن میں سے تین کی لاشیں برآمد ہو چکی ہیں، جبکہ ایک کی تلاش جاری ہے۔

ایس ایس پی شکارپور شاہزیب چاچڑ نے کہا کہ قبائلی تنازع کی آڑ میں کسی کو بھی قتل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، پولیس آپریشن کے دوران مارے جانے والے تین افراد میں مہربان سعدجتوئی، مالک دیدو جتوئی اور اربیلو سعدجتوئی شامل ہیں۔ دوسری جانب پیپلز پارٹی کے ایم پی اے محمد عارف خان مہر نے مقتولیں کے لواحقین سے تعزیت کی،میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ بارات پر حملہ ایک غلط اور قابلِ مذمت عمل ہے ، جتوئی برادری کی جانب سے حملہ ایک غلط روایت کو جنم دیتا ہے ، کیونکہ شادیاں ہر خاندان میں ہوتی ہیں۔ پولیس کو چاہیے کہ ملزمان کیخلاف سخت کارروائی کرکے مقتولین کے ورثاء کو انصاف فراہم کرے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں