لڑکی کی بازیابی کیلئے سندھ حکومت،پولیس حکام کونوٹس

لڑکی کی بازیابی کیلئے سندھ حکومت،پولیس حکام کونوٹس

سندھ ہائیکورٹ کی فریقین کو آئندہ سماعت پر تفصیلی جواب جمع کرانے کی ہدایت

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے کورنگی سے 15 سالہ لڑکی ایمن کی بازیابی سے متعلق درخواست پر سندھ حکومت اور پولیس حکام کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے 13 جنوری تک جواب طلب کرلیا ہے ۔ درخواست کی سماعت کے دوران وکیلِ درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ایمن 10 نومبر کو کورنگی کے علاقے سے اغوا ہوئی تھی تاہم ڈیڑھ ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود نہ تو مغویہ بازیاب ہوسکی ہے اور نہ ہی کسی ملزم کی گرفتاری عمل میں آسکی ہے۔ وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ ایمن کے اغوا کا مقدمہ اس کی والدہ کوثر بی بی کی مدعیت میں متعلقہ تھانے میں درج کیا گیا ہے۔

مگر اس کے باوجود پولیس کی جانب سے کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔ وکیل کے مطابق مغویہ کی والدہ نے انصاف کے حصول کے لیے مسلسل تھانے کے چکر لگائے تاہم تاحال کوئی پیش رفت سامنے نہیں آسکی۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ مغویہ کی فوری بازیابی کو یقینی بنانے کے لیے پولیس اور دیگر متعلقہ حکام کو واضح احکامات جاری کیے جائیں۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد سندھ حکومت اور پولیس حکام کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر تفصیلی جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں