گھر پر کھڑی بائیک کے مالک کو ای چالان موصول
گورنر ہاؤس کے قریب ہیلمٹ نہ پہننے پر شہری کو ای چالان بھیجا گیا
کراچی (این این آئی) شہر قائد میں بھاری ای چالان سے بچنے کیلئے جعلی نمبر پلیٹ کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے ۔27دسمبر 2025کو گورنر ہاؤس کے قریب ہیلمٹ نہ پہننے پر شہری طلحہ احمد کو ای چالان موصول ہوا جبکہ ان کی موٹرسائیکل گھر کی پارکنگ میں کھڑی تھی۔متاثرہ شہری طلحہ احمد نے بتایا کہ ای چالان میں موجود موٹرسائیکل پر میری بائیک کی جعلی نمبر پلیٹ لگائی گئی ہے ، اس میں نظر آنے والا شخص اور موٹرسائیکل میری نہیں ہے ۔ٹریفک پولیس کے مطابق متاثرہ شہری ای چالان پر دیے گئے ہیلپ سینٹر پر رابطہ کر سکتا ہے ، رابطے کے بعد جرمانہ منسوخ اور قصور وار کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں بلکہ چند روز قبل ایک شہری کو 25 روز کے اندر سیٹ بیلٹ نہ پہننے پر 10، 10 ہزار روپے مالیت کے دو چالان بھیجے گئے تھے ۔معاملے کا دلچسپ پہلو یہ تھا کہ جس شخص کو ای چالان موصول ہوئے اس کی گاڑی طویل عرصے سے گھر پر ہی کھڑی تھی۔متاثرہ شہری کی گاڑی 1987 کا ماڈل ہے جبکہ ای چالان کی تصاویر میں خلاف ورزی کرنے والی گاڑی بالکل نئی ہے ۔جس گاڑی پر جرمانے کیے گئے اس پر جعلی نمبر پلیٹ لگی تھی جو دو صوبوں میں استعمال ہوتی رہی۔