مددگار ون فائیوکی 259,979 کالز پر موثرکارروائی

مددگار ون فائیوکی 259,979 کالز پر موثرکارروائی

کارروائیوں میں 89ملزمان گرفتار،35پستول، 52موٹر سائیکلیں برآمدملاپ یونٹ نے 135لاپتہ بچوں اور لاوارث افرادکو اہلِ خانہ سے ملا یا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پولیس مددگار15 نے دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر سال 2025 کے دوران جرائم کے خلاف موثر کردار ادا کیا۔ اس سلسلے میں پولیس مددگار15 کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے ۔رپورٹ کے مطابق یکم جنوری سے 25 دسمبر 2025 تک مددگار15 کال سینٹر پر مجموعی طور پر 2,416,870 کالز موصول ہوئیں۔ 259,979 قابلِ عمل کالز پر بروقت اور موثر کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرمنلز، ڈاکوؤں، اغوا کاروں اور چوروں سمیت 89 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جنہیں مزید قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ تھانوں کے حوالے کر دیا گیا۔

کارروائی کے دوران 35 پستول، 52 موٹر سائیکلیں، 29 گاڑیاں، 45 موبائل فونز، 02 رکشے اور دیگر قیمتی سامان برآمد کیا گیا۔اس کے علاوہ پولیس مددگار15 نے بڑی تعداد میں موصول ہونے والی ہنگامی کالز پر فوری ردِعمل دیتے ہوئے مصیبت زدہ اور پھنسے ہوئے شہریوں کی بروقت مدد کی۔مزید برآں ملاپ یونٹ جو کہ مددگار15 میں ایک اہم اضافہ ہے ، اب تک 135 لاپتہ بچوں اور لاوارث خواتین و مردوں کو کامیابی سے ان کے اہلِ خانہ سے ملا چکا ہے۔ ڈی آئی جی سکیورٹی ڈاکٹر مقصود احمد نے مددگار15 کے اہلکاروں کی شاندار کاوشوں کو سراہا اور عوامی خدمت کے لیے ان کی عزم و وابستگی کی تعریف کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں