نئے سال کے پہلے دن حادثات میں 3جاں بحق، 70زخمی

نئے سال کے پہلے دن حادثات میں 3جاں بحق، 70زخمی

کے ایم سی افسر شامل، ہارون شکیل کی کار سپر ہائی وے پرٹرک نے کچل دیڈرائیور گرفتار، جمشید روڈ پر بزرگ خاتون لقمہ اجل بنی، شناخت نہیں ہو سکی

کراچی (اسٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)شہر قائد میں سال نو کے پہلے روز ٹریفک حادثات میں کے ایم سی افسر اور خاتون سمیت تین افراد جاں بحق اور 70 سے زائد زخمی ہوگئے ۔ سپر ہائی وے گنا منڈی کے قریب کار اور ٹرک کے تصادم میں کار سوار جاں بحق ہوگیا ، ڈی ایس پی سہراب گوٹھ اورنگزیب خٹک نے بتایا کہ متوفی کی شناخت 45 سالہ ہارون شکیل کے نام سے کی گئی جو کہ میونسپل کارپوریشن آفیسر ہیں۔ سہراب گوٹھ پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کر کے ٹرک اپنے قبضے میں لے لیا۔ ایس ایچ او سہراب گوٹھ طفیل بھٹو نے بتایا کہ متوفی گلستان جوہر کا رہائشی اور کے ایم سی افسر تھا، جس کی گاڑی سے نقدی سمیت دیگر سامان بھی برآمد ہوا، تاہم پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد متوفی کی لاش ورثا کے حوالے کر دی۔ایدھی حکام کے مطابق جمشید روڈ پر تاج پٹرول پمپ کے قریب ٹریفک حادثے میں بزرگ خاتون جاں بحق ہوئی، جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کیلئے سول اسپتال منتقل کی گئی۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ متوفیہ کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی، جس کی عمر 65 سال کے قریب ہے ۔ متوفیہ راہگیر تھی جبکہ حادثہ نامعلوم تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے پیش آنے کا بتایا گیا۔دریں اثنا ایدھی فاؤنڈیشن کے اعداد و شمار کے مطابق نئے سال 2026 کے پہلے روز بدھ کی رات 12 بجے سے جمعرات کی شب تک شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں 20 خواتین اور 10 بچوں سمیت 70 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں