قومی اثاثوں کو چند افراد کیلئے قربان نہیں کیا جا سکتا ،باقر عباس

قومی اثاثوں کو چند افراد کیلئے قربان نہیں کیا جا سکتا ،باقر عباس

یہ فیصلے قومی مفادات کے خلاف، عوام دشمن اور ملکی خودمختاری پر کھلا حملہ ہیںحکومت قومی اداروں کو سنبھالنے میں ناکام ہو چکی ہے ،رہنما وحدت مسلمین

کراچی (اسٹاف رپورٹر)مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ باقر عباس زیدی نے وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری کی جانب سے اسلام آباد، کراچی اور لاہور کے ائرپورٹس کو لانگ ٹرم کنٹریکٹ پر دینے اور قومی اداروں کی نجکاری کے اعلان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔قومی اثاثے قوم کی امانت ہیں، انہیں چند افراد کے فائدے کے لیے قربان نہیں کیا جا سکتا۔ یہ فیصلے قومی مفادات کے خلاف، عوام دشمن اور ملکی خودمختاری پر کھلا حملہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ ائرپورٹس جیسے اسٹریٹجک اور حساس قومی اثاثوں کو نجی ہاتھوں میں دینا درحقیقت انہیں بیچنے کے مترادف ہے ، چاہے اسے کسی بھی نام سے پکارا جائے ۔ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ باقر عباس زیدی نے کہا کہ لانگ ٹرم رعایت کے نام پر قوم کی آنے والی نسلوں کے وسائل گروی رکھے جا رہے ہیں، جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔انہوں نے کہا کہ قومی ائرلائن پی آئی اے کی نجکاری کے بعد اسٹیٹ لائف انشورنس، زرعی ترقیاتی بینک، ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کو فروخت کرنے کا منصوبہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ موجودہ حکومت قومی اداروں کو سنبھالنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اور اپنی نااہلی چھپانے کے لیے سب کچھ بیچنے پر تُلی ہوئی ہے ۔علامہ باقر عباس زیدی نے کہا کہ یہ ادارے خسارے میں اس لیے نہیں گئے کہ عوام نے نقصان پہنچایا بلکہ بدعنوانی، سیاسی مداخلت اور ناقص حکمرانی نے انہیں تباہ کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومت فوری طور پر نجکاری کے اس عوام دشمن ایجنڈے کو واپس لے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں