بہترین کارکردگی والے ٹاؤنز کو اضافی فنڈز دینے کا اعلان
بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کررہے ہیں ، وزیر بلدیات پراپرٹی ٹیکس نظام کو مؤثر بنا کر آمدن میں اضافہ کرنے پر کام جاری ،ناصر حسین
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت پیپلز پارٹی کے ٹاؤن چیئرمینوں کا اہم اور پالیسی نوعیت کا اجلاس منعقد ہوا جس کا آغاز سانحہ گل سینٹر میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ، افسوس اور شہداء کیلئے دعائے مغفرت سے کیا گیا۔ اجلاس میں سیکریٹری بلدیات، ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی، پروجیکٹ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور دیگر متعلقہ اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔اس موقع پر ناصر حسین شاہ نے کہا کہ حکومتِ سندھ بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنانے کیلئے عملی اور ٹھوس اقدامات کر رہی ہے ،اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی صوبائی حکومت کی پالیسی کا بنیادی ستون ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایات پر بلدیاتی نظام میں اصلاحات، مالی خودمختاری اور ادارہ جاتی بہتری کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ناصر حسین شاہ نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا وژن ہے کہ منتخب بلدیاتی ادارے عوامی خدمت کا مضبوط ذریعہ بنیں اور ان کی کارکردگی عام آدمی کی زندگی میں بہتری کی صورت میں نظر آئے ۔ناصر حسین شاہ نے اعلان کیا کہ بہترین کارکردگی دکھانے والے ٹاؤنز کو حکومتِ سندھ اور ورلڈ بینک کے تعاون سے اضافی ترقیاتی فنڈز فراہم کیے جائیں گے تاکہ شہری انفرااسٹرکچر میں پائیدار بہتری لائی جا سکے ۔