سپریم لیڈر پر حملہ پوری اسلامی دنیا کے خلاف جنگ تصور کیا جائے گا، ایران

تہران: (دنیا نیوز) ایرانی قیادت نے واضح کیا ہے کہ سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو نشانہ بنانا پوری اسلامی دنیا کے خلاف جنگ تصور کیا جائے گا۔

ایرانی حکام نے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے خلاف کسی بھی ممکنہ کارروائی پر انتہائی سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے امریکا کو سنگین نتائج سے خبردار کر دیا ہے۔

ایرانی قومی سلامتی کمیشن کا کہنا ہے کہ سپریم لیڈر پر حملہ ہوا تو علما جہاد کا فتویٰ جاری کردیں گے جبکہ دنیا بھر میں ردعمل دیا جائے گا۔

ایرانی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن نے بیان میں کہا کہ دنیا بھر میں موجود اسلام کے سپاہیوں کے ردعمل کی ذمہ داری آیت اللہ خامنہ ای پر حملہ کرنے والوں پر عائد ہوگی۔

قبل ازیں ایرانی صدر نے بھی اس معاملے پر سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا تھا کہ آیت اللہ خامنہ ای پر کوئی بھی حملہ مکمل اور ہمہ گیر جنگ کا سبب بن جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسے کسی بھی اقدام کے نتائج صرف خطے تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ اس سے عالمی سطح پر عدم استحکام پیدا ہو سکتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں