ڈاکو راج بر قرار،65لاکھ لٹ گئے،فائرنگ سے راہگیر جا ں بحق

ڈاکو  راج  بر  قرار،65لاکھ لٹ گئے،فائرنگ  سے  راہگیر  جا ں  بحق

دانیال نامی شہری کلفٹن میں بینک سے نقدی نکلوا کر پرانی سبزی منڈی پر شوروم سے خریدی گئی گاڑی کی ادائیگی کے لیے آیا تھا ملزمان واردات کرکے باآسانی فرار،نئے سال کے ابتدائی 20روز میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہوگئی

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)شہر قائد میں پولیس کے دعووں کے برعکس ڈاکو راج کا سلسلہ تھم نہ سکا ، سبزی منڈی کے علاقے میں میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شدید زخمی ہونے والے راہگیر دم توڑ گئے جبکہ واردات کے دوران ڈاکو ایک شہری سے 65 لاکھ روپے چھین کر فرار ہوگئے ۔نیوٹاؤن کے علاقے یونیورسٹی روڈ پرانی سبزی منڈی کے قریب فائرنگ کے واقعے میں 25 سالہ وقار احمد خان شدید زخمی ہوگیا، جسے انتہائی تشویش ناک حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔کراچی میں نئے سال کے ابتدائی 20 روز میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہوگئی۔ ڈی ایس پی نیوٹاؤن امجد کلیار نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ دانیال نامی شہری جو کلفٹن میں نجی بینک سے نقدی نکلوا کر پرانی سبزی منڈی پر قائم شوروم سے خریدی گئی گاڑی کی ادائیگی کے لیے آیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ دانیال شوروم کے قریب گاڑی روک کر ڈگی سے نقدی 65 لاکھ روپے نکال رہا تھا کہ اس دوران تعاقب میں آنے والے ڈاکوؤں نے شہری سے نقدی چھین لی اور اس دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کی جس کی زد میں آکر وہاں سے گزرنے والا راہگیر نوجوان وقار گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گیا جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔ڈی ایس پی نیوٹاؤن نے بتایا کہ ڈاکو 65 لاکھ روپے نقد لوٹ کر فرار ہوگئے تاہم واقعے کے بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی اور کرائم سین یونٹ کو طلب کر کے شواہد بھی حاصل کیے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پولیس جائے وقوع سمیت دیگر مقامات کی سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کرنے کی کوششیں کر رہی ہے ، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق نوجوان وقار کی شوروم کے عقب میں واٹر فلٹر کی دکان تھی جسے گردن کے قریب گولی لگی تھی تاہم پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں