جیکب آباد:کسٹم چوکی اسمگلر کی زمین پرقائم ہونے کا انکشاف
اسمگلنگ کی روک تھام سوالیہ، شہری حلقوں کا اظہار تشویش، تحقیقات کا مطالبہکسٹم انسپکٹر ہریش کمار کا موقف سے گریز، بعد میں بات کرنے کا کہہ کر ٹہلا دیا
جیکب آباد (نمائندہ دنیا)جیکب آباد میں محکمہ کسٹمز کی ایک چوکی مبینہ طور پر ایک مشہور اسمگلر کی ملکیتی اراضی پر قائم ہونے کا انکشاف ہوا ہے جس کے بعد شہری حلقوں میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ عوامی و سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ جب کسٹم چوکی ہی ایک مبینہ اسمگلر کی زمین پر قائم ہوگی تو اسمگلنگ کی روک تھام کیسے ممکن بنائی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ چوکی کے قیام کے حوالے سے نہ تو کوئی شفاف معلومات فراہم کی گئیں اور نہ ہی اس اراضی کے حصول یا کرایہ داری کے معاملات کو عوام کے سامنے لایا گیا۔ معاملے پر مؤقف جاننے کے لیے کسٹم انسپکٹر ہریش کمار سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے مبینہ طور پر یہ کہہ کر کہ کلکٹر صاحب کھڑے ہیں، بعد میں بتاتا ہوں، فون کال منقطع کردی، دوبارہ رابطہ نہ ہوسکا۔
چوکی انچارج ہریش کمار سے بھی وضاحت لینے کی کوشش کی گئی، مگر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ جیکب آباد میں پہلے ہی غیر ملکی نان کسٹم پیڈ سامان کی کھل عام فروخت کی شکایات موجود ہیں، ایسے میں کسٹم چوکی کا اسمگلر کی زمین پر قائم ہونا ادارے کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اعلیٰ حکام اس معاملے کا فوری نوٹس لے کر غیر جانبدارانہ انکوائری کرائیں اور اگر الزامات درست ثابت ہوں تو ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔ سماجی و سیاسی حلقوں نے بھی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔