سہون:بھان سعید آباد میں بجلی بندش کیخلاف مکینوں کا دھرنا

سہون:بھان سعید آباد میں بجلی بندش کیخلاف مکینوں کا دھرنا

50سے زائد دیہات میں ماہ رمضان کے دوران بھی بجلی دستیاب نہیںسپلائی کاٹ کربحالی کیلئے رشوت طلبی کا الزام، علاقہ مکین پریشان، مظاہرین

سہون (نمائندہ دنیا )سہون کے علاقے بھان سعیدآباد کے 50 سے زائد دیہات میں ماہ رمضان کے دوران بلاجواز بجلی کی بندش کے خلاف مقامی رہائشیوں اور قوم پرست جماعت سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے کارکنان نے احتجاجی مظاہرہ کرکے حیسکو بھان سعیدآباد کے دفتر کے باہر دھرنا دیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے الزام لگایا کہ حیسکو بھان سعید آباد کے ایس ڈی او نے ماہ رمضان المبارک کے دوران بجلی بند کردی ہے ، 50 سے زائد دیہات میں بجلی بندہونے کے باعث علاقہ مکین شدید پریشانی کا شکار ہیں، حیسکو عملہ مبینہ طور پر رشوت طلب کر رہا ہے ، جو نہ دینے پربجلی کاٹ دی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بجلی کاٹنے کی وجہ سے علاقے میں پانی اور آٹے کا بحران پیدا ہوگیا ہے ، عوام کو مشکلات درپیش ہیں مگر افسوس کہ حیسکو حکام خاموش ہیں، ایس ڈی او حیسکو بھان سعیدآباد مبینہ طور پر ٹھیکیداری سسٹم نافذ کرنا چاہتا ہے جس سے انکار کرنے پر مختلف دیہات کی بجلی کاٹ دی گئی ہے ، جو بڑی ناانصافی ہے ، ماہ رمضان کے دوران روزے داروں کو پریشان کیا جارہا ہے ، مظاہرین نے بجلی کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری صورت میں احتجاج کا سلسلہ جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں