اجرتی قاتل کے ہاتھوں ڈاکٹر کو نشانہ بنانے کی واردات ناکام ،ملزم گرفتار
کراچی (این این آئی) پاک کالونی پولیس نے اجرتی قاتل کے ہاتھوں ڈاکٹر کے قتل کی واردات ناکام بنادی، پولیس نے حملہ آور سمیت میڈیکل اسٹور ملازم کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق میڈیکل اسٹور ملازم نے 17سالہ ماہرنشانے باز کو 5 لاکھ روپے کے عوض قتل کی اجرت دی، منصوبے کے ملزمان میں میڈیکل اسٹور ملازم یونس اور شوٹر عثمان منظور شامل ہیں۔گرفتارملزم عثمان نے پولیس کو بیان دیا کہ یونس نے شیر شاہ میں کلینک کے ڈاکٹر عبداللہ کو قتل کرنے کے بدلے 5لاکھ روپے ادا کرکے کا کہا تھا۔اجرتی قاتل کے مطابق قتل کی واردات کی منصوبہ بندی بھی اسی مقام پر ہوئی تھی، ڈاکٹرعبداللہ روزانہ اپنا کلینک بند کرکے ہارون آباد سے رات 11بجے پیدل اپنی رہائش گاہ کی جانب جاتے تھے ۔مرکزی ملزم یونس نے بتایا کہ ڈاکٹر عبداللہ کو کلینک سے گھر جاتے ہوئے راستے میں ہی ٹارگٹ کرنا تھا، کیونکہ یونس کو ڈاکٹر عبداللہ سے دوائیوں کی فروخت سے متعلق رنجش رہتی تھی۔