ادارہ ترقیات کا گلستان جوہر میں آپریشن،تجاوزات مسمار
بلاک 11، اسکیم 36 میں بھاری مشینری کے ہمراہ موثر آپریشن کیا گیاتجاوزات شہری سہولیات کی بحالی میں بڑی رکاوٹ ہیں،ڈی جی کے ڈی اے
کراچی (اسٹاف رپورٹر )سندھ ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں ادارہ ترقیات کراچی کے محکمہ اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ کی جانب سے گلستانِ جوہر بلاک 11، اسکیم 36 میں واقع کمرشل پلاٹ نمبر ایس بی 3/1۔ 40 فٹ چوڑی روڑپرقائم تجاوزات کے خلاف ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ شکیل صدیقی کی سربراہی میں بھاری مشینری کے ہمراہ موثر آپریشن کیا گیا، جس کے دوران تجاوزات کو مکمل طور پر مسمار کر دیا گیا۔مذکورہ آپریشن کی براہِ راست نگرانی ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے آصف جان صدیقی نے کی، جبکہ کارروائی کے دوران پولیس کی جانب سے سکیورٹی اور نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے بھرپور معاونت فراہم کی گئی۔
ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات آصف جان صدیقی نے کہا کہ شہر میں قائم تجاوزات کراچی کے انفرااسٹرکچر کی بہتری اور شہری سہولیات کی بحالی میں بڑی رکاوٹ ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ادارہ ترقیات کراچی شہر کو اس کی اصل اور بہترین منصوبہ بندی کے مطابق بحال کرنے کے لیے غیر قانونی تجاوزات کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رکھے گا۔اس سلسلے میں درپیش تمام رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے اور سرکاری اراضی کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر گلشن اقبال، ایس ڈی پی او گلشن اقبال، ایس ایچ او شارع فیصل، ایڈیشنل ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ عارف احمد، فیصل احمد، ثناء اللہ شیخ، رحمت شاہ و دیگر افسران موجود تھے ۔