جامعہ کراچی اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف لیونگ اینڈ لرننگ میں مفاہمت
کراچی(آئی این پی)جامعہ کراچی اور عشرت حسین پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف لیونگ اینڈ لرننگ (PILL) کے درمیان باہمی تعاون کے فروغ کے لئے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کی تقریب گزشتہ روز وائس چانسلر سیکریٹریٹ جامعہ کراچی میں منعقد ہوئی۔
مفاہمتی یادداشت پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی اور PILLکے ڈائریکٹر کمیونی کیشن ڈاکٹر محمد اکرم سلطان نے دستخط کئے۔ اس شراکت داری کا مقصد کیَمپس میں ذہنی صحت کو فروغ دینے کے لیے خصوصی ضروریات کے حامل نوعمر افراد کی جذباتی، تعلیمی اور تشخیصی ضروریات کو موثر انداز میں پورا کرنے کے لیے ایک جدید ریسرچ سینٹر آف ایکسیلنس کاجامعہ کراچی میں قیام عمل میں لانا ہے ۔معاہدے کے تحت قائم ہونے والے مرکز میں عصری تقاضوں سے ہم آہنگ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ڈائگناسٹک اینڈ کلینکس روم کلینیکل اسسمنٹ، ون آن ون تھراپی سیشنز اور شواہد پر مبنی مداخلتی پروگرامز کے انعقاد کے لیے مختص ہوگا، جہاں ماہرین خصوصی ضروریات کے حامل نوجوانوں کی جامع تشخیص اور رہنمائی فراہم کریں گے۔