سکھر :نجی سپر اسٹور انتظامیہ کی اسسٹنٹ کمشنر کیساتھ غنڈہ گردی

سکھر :نجی سپر اسٹور انتظامیہ کی اسسٹنٹ کمشنر کیساتھ غنڈہ گردی

کوریج کیلئے پہنچنے والے صحافیوں پر بھی حملہ،فون چھین لئے ،سنگین نتائج کی دھمکیاں واقعہ کیخلاف صحافیوں کا احتجاج ، نوٹس لینے، اسٹور انتظامیہ کیخلاف کارروائی کا مطالبہ

سکھر (بیورو رپورٹ) نجی سپر اسٹور انتظامیہ کی اسسٹنٹ کمشنر نیو تعلقہ کے ساتھ غنڈہ گردی، کوریج کیلئے پہنچنے والے صحافیوں پر بھی حملہ۔ تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر نیو تعلقہ سکھر بشریٰ منصور انصاری نے ٹیم کے ہمراہ پرائس کنٹرول کے سلسلے میں نیو تعلقہ میں قائم مختلف دکانوں کا دورہ، سرکاری نرخ سے زائد پر فروخت ہونے والی اشیاکا معائنہ کرتے ہوئے دکانداروں کو سرکاری لسٹ پر اشیا کی فروخت کی ہدایت دی ۔ دورے کے دوران جیسے ہی اسسٹنٹ کمشنر نیو تعلقہ سکھر بشریٰ منصور ٹیم کے ہمراہ ایئر پورٹ روڈ پر قائم نجی سپر اسٹور پہنچیں اور ریٹ لسٹ چیک کرنے لگیں تو اسٹور عملے نے ان پر دھاوا بول دیا اور باہر نکالنے کی کوشش کی ۔

اسٹور عملے اور نیو تعلقہ انتظامیہ کے مابین تلخ کلامی کی اطلا ع پر جیسے ہی میڈیا کے نمائندے کوریج کیلئے پہنچے اسٹور عملے نے پولیس کی موجودگی میں اے سی بشریٰ منصور سمیت صحافیوں کیساتھ ناروا سلوک کرتے ہوئے ان سے موبائل فون چھین لئے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔ بعد ازاں معزز شہریوں کی مداخلت پر اے سی بشریٰ منصور اپنا دورہ موخر کرتے ہوئے دفتر واپس چلی گئیں۔ صحافیوں کیساتھ ہونے والی تلخ کلامی اور موبائل فون چھینے والے واقعہ کے بعد سکھر اور گرد ونواح کی صحافی برادری میں تشویش کی لہر دوڑ گئی اور صحافیوں کی بڑی تعداد جائے وقوعہ پر پہنچ اور اسٹور عملے کی زیادتیوں کے خلاف بھرپور احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے حکام بالا سے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے اسٹور عملے کے خلاف قانونی کارروائی اورصحافی برادری کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں