مٹیاری:غیر ملکیوں کی سکیورٹی میں کوتاہی برداشت نہیں،ڈپٹی کمشنر

مٹیاری:غیر ملکیوں کی سکیورٹی میں کوتاہی برداشت نہیں،ڈپٹی کمشنر

ضلع میں کام کرنے والے چینی انجینئرز اور دیگر کی حفاظت ہر صورت یقینی بنائی جائےبھٹوں میں ملازم غیر ملکیوں کی نشاندہی اور کارروائی کی جائے ، یوسف شیخ ، اجلاس

مٹیاری (نمائندہ دنیا) ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ نے ضلع کوآرڈی نیشن کمیٹی برائے ریوائزڈ نیشنل ایکشن پلان کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ سی پیک اور نان سی پیک منصوبوں کے تحت ضلع میں کام کرنے والے چینی انجینئرز اور دیگر غیر ملکی ماہرین کی مکمل سکیورٹی ہر صورت یقینی بنائی جائے ،اس حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، نیشنل ایکشن پلان کے تحت ضلع میں امن و امان کی صورتحال مزید بہتر بنانا، انٹیلی جنس روابط بہتر کرنا اور تمام اداروں کے درمیان مؤثر ہم آہنگی انتہائی ضروری ہے ۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ضلع میں موجود تمام مدارس کی رجسٹریشن کا عمل جلد مکمل اور غیر رجسٹرڈ مدارس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے ، جبکہ زیر التوا این او سیز کے معاملات بھی فوری طور پر نمٹائے جائیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ غیر قانونی سگریٹ کی فروخت اور ترسیل کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ، جبکہ غیر قانونی قبضوں اور غیر قانونی آبادیوں کے خاتمے کے لیے متعلقہ ادارے فوری اقدامات کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت دی کہ قانونی و غیر قانونی فیول پمپس کی جانچ پڑتال کی جائے اور غیر معیاری یا کم مقدار میں پٹرول فروخت کرنے والے پمپس کو سیل کیا جائے ، جبکہ غیر رجسٹرڈ گوداموں کے خلاف کارروائی کر کے رپورٹ پیش کی جائے ۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ضلع میں بھٹوں کی باقاعدہ نگرانی کی جائے اور وہاں کام کرنے والے غیر رجسٹرڈ یا غیر ملکی مزدوروں کی نشاندہی کر کے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں