گیس سلنڈر دھماکوں کی ذمہ دار حکومتی نااہلی،سنی تحریک
غیر معیاری سلنڈرز بنانے اور فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن ضروری عوام کی جان و مال غیر محفوظ،حکومت فوری ہنگامی اقدامات کرے ،بلال عباس قادری
کراچی(سٹی ڈیسک)مرکزی صدر پاکستان سنی تحریک صاحبزادہ علامہ بلال عباس قادری نے شہر بھر میں گیس سلنڈر دھماکوں اور دیگر حادثات میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان سانحات کے اصل ذمہ دار حکومت اور متعلقہ محکمے ہیں،جن کی مجرمانہ غفلت اور کرپشن نے شہریوں کی زندگیاں داؤ پر لگا دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئے روز گھروں،دکانوں،ہوٹلوں اور فیکٹریوں میں سلنڈر دھماکوں سے معصوم شہری لقمہ اجل بن رہے ہیں،مگر حکومتی ایوانوں میں بیٹھے ذمہ داران کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔اگر سرکاری ادارے باقاعدہ معائنہ، لائسنسنگ اور معیار کی جانچ کا نظام سختی سے نافذ کریں تو ان افسوسناک واقعات کو بڑی حد تک روکا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ غیر معیاری اور زائد المیعاد سلنڈرز کی تیاری و فروخت ایک منافع بخش مگر جان لیوا کاروبار بن چکا ہے۔بااثر مافیا کی پشت پناہی اور بعض سرکاری اہلکاروں کی مبینہ ملی بھگت کے باعث یہ خطرناک کاروبار کھلے عام جاری ہے ۔یہ صرف غفلت نہیں بلکہ عوام کی زندگیوں سے کھیلنے کے مترادف ہے ۔ عوام کی جان و مال کا تحفظ آئینی اور اخلاقی طور پر ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے ،مگر افسوس کہ شہری خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔ہر حادثے کے بعد رسمی بیانات اور تحقیقاتی کمیٹیاں بنا دی جاتی ہیں، مگر عملی اقدامات کا فقدان واضح ہے ۔جب تک ذمہ دار افسران اور ملوث عناصر کو قرار واقعی سزا نہیں دی جائے گی،ایسے سانحات کا سلسلہ جاری رہے گا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایمرجنسی نافذ کر کے گیس سلنڈرز کے تمام کارخانوں اور ریفلنگ پوائنٹس کی جامع انسپکشن کی جائے ۔غیر قانونی اور غیر معیاری سلنڈرز بنانے والی فیکٹریوں کو فوری سیل کر کے مالکان کو گرفتار کیا جائے ۔