نوآبادیاتی دور کے نام فوری تبدیل کیے جائیں، پاسبان

نوآبادیاتی دور کے نام فوری تبدیل کیے جائیں، پاسبان

سڑکوں اور اداروں کے انگریزی نام غلامی کی یادگار اور قومی وقار کے منافی بھارت کی طرح پاکستان بھی جرات مندانہ فیصلہ کرے ، چیئرمین الطاف شکور

کراچی (این این آئی)پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے مطالبہ کیا ہے کہ ملک بھر میں برطانوی نوآبادیاتی حکمرانوں سے منسوب سڑکوں، شاہراہوں، عمارتوں، تعلیمی اداروں اور دیگر سرکاری و نیم سرکاری اداروں کے نام فوری طور پر تبدیل کرکے انہیں قومی ہیروز اور تحریکِ آزادی کے رہنماؤں کے نام سے منسوب کیا جائے ۔ پاکستان ایک آزاد اور خودمختار ملک ہے مگر آج بھی ہمارے کئی اہم مقامات اور ادارے برطانوی حکمرانوں کے نام سے منسوب ہیں جنہوں نے برصغیر پر طویل عرصے تک حکمرانی کی۔

یہ نام غلامی کے دور کی یاد دلاتے ہیں اور قومی وقار کے منافی ہیں۔نام تبدیل کرنے پر اعتراض کرنے والوں کو پڑوسی ملک بھارت و دیگر ممالک سے سبق سیکھنا چاہیے جنہوں نے پنی نوآبادیاتی یادگاروں کو ختم کرکے قومی غیرت اور خودمختاری کا اظہار کیا ہے ۔ حال ہی میں بھارتی حکومت نے برطانوی معمار سر ایڈون لُوٹینز کا مجسمہ صدر کی سرکاری رہائش گاہ سے ہٹا دیا اور اسے غلامی کی علامت قرار دیا ۔ پاکستان میں بھی اس حوالے سے سنجیدہ اور عملی اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ نئی نسل کو اپنے اصل ہیروز سے روشناس کرایا جا سکے ۔ مرکزی رہنماؤں کی میٹنگ میں گفتگو کرتے ہوئے الطاف شکور نے مزید کہا کہ سڑکوں اور اداروں کو ہمارے قومی رہنماؤں، شہداء، تحریک آزای کے رہنماؤں اور مجاہدینِ آزادی کے نام سے منسوب کیا جانا چاہیے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں