الخدمت 32ہزار یتیم بچوں کی کفالت کر رہی ، منعم ظفر

الخدمت 32ہزار یتیم بچوں کی کفالت کر رہی ، منعم ظفر

2500باہمت بچوں کو عید کی شاپنگ اور عیدی فراہم کی جا رہی ہےنعمت اللہ خان کو شاندار فلاحی خدمات پر خراج عقیدت پیش کرتے ہیں

کراچی (این این آئی)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفرخان نے کہا ہے کہ ملک بھر میں الخدمت 32 ہزار باہمت یتیم بچوں کی کفالت کر رہی ہے ،کراچی امیں الخدمت آرفن کیئر پروگرام کے تحت شاپنگ مال میں 2500 باہمت بچوں کو عید کی شاپنگ کروائی جارہی ہے ،ہر بچے کو 6 ہزار روپے عید شاپنگ اور 500روپے عیدی کے طور پر دیے گئے ہیں۔بچوں کو ان کی ماؤں اور سرپرستوں کے ساتھ عید الفطر کی شاپنگ کا موقع دیا گیا ، 25فروری سابق سٹی ناظم نعت اللہ خان کا یوم وفات ہے ،نعمت اللہ خان کو شاندار عوامی و فلاحی خدمات پر ہم خراج عقیدت پیش کرتے ہیں،وہ خدمت اور دیانت کا استعارہ تھے۔

ان ہی کی وجہ سے الخدمت کی دنیا بھر میں شناخت بنی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو گلشن اقبال کے شاپنگ مال میں عید شاپنگ کے تیسرے دن میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر الخدمت راشد قریشی، الخدمت آرفن کیئر پروگرام کے ذمہ داران کے علاوہ اسکول وکالجز اور جامعات کے طلبہ طالبات بھی بطور والنٹیئرز بڑی تعداد میں موجود تھے ۔منعم ظفرنے شاپنگ مال کا دورہ بھی کیا اوربچوں سے ان کی خریداری سے متعلق دریافت کیا۔ انہوں نے کہا کہ گلشن معمار میں لڑکوں اور پی ای سی ایچ ایس میں لڑکیوں کا آغوش ہوم قائم ہے جہاں انہیں بورڈنگ طرز کی جدید اور معیاری سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں، پروگرام سے فارغ ہونے والے بچے ڈاکٹر اور انجینئر بن رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں