جدید ٹیکنالوجی سے جرائم کی روک تھام ممکن،پولیس چیف
کمیونٹی پولیسنگ کے وفد کی ملاقات ، سی سی ٹی وی نظام کی اپ گریڈیشن پربریفنگ وفد نے امن و امان کے قیام کے لیے کراچی پولیس کے موثر اقدامات کو سراہا
کراچی (این این آئی)ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان سے کمیونٹی پولیسنگ کراچی کے چیف مراد سونی کی قیادت میں آٹھ رکنی وفد نے کراچی پولیس آفس میں ملاقات کی۔ وفد میں عقیق اقبال، عرفان سمانا، الطاف تاج، اطیب، تسکین احمد، ولید اور عبدالقادر شامل تھے ۔ملاقات کے دوران وفد نے شہر میں امن و امان کے قیام کے لیے کراچی پولیس کے موثر اقدامات کو سراہا اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔مراد سونی نے شہر میں سی سی ٹی وی نظام کی اپ گریڈیشن اور تکنیکی معاونت کے حوالے سے پولیس چیف کو تفصیلی بریفنگ دی۔
انہوں نے بتایا کہ کیمرے جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہیں جنہیں کراچی پولیس آفس سے منسلک کیا گیا جو 360 ڈگری گردش کی صلاحیت رکھتے ہیں اور تقریباً دو کلومیٹر کے دائرے میں موثر نگرانی کر سکتے ہیں۔ یہ کیمرے ایک کلومیٹر تک چہروں اور گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کی شناخت کی صلاحیت رکھتے ہیں۔مزید برآں، کیمرے آٹو پیٹرولنگ موڈ پر کام کرتے ہیں اور تصویر کیپچر ہونے پر فوری پرنٹ کی سہولت بھی فراہم کرتے ہیں۔ ابتدائی مرحلے میں کراچی کے مختلف مقامات پر 10 جدید کیمرے نصب کیے جا رہے ہیں جبکہ مزید 40 کی تنصیب کا عمل بھی جلد مکمل کیا جائے گا۔اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی نے کمیونٹی پولیسنگ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے موثر استعمال سے اسٹریٹ کرائم اور دیگر جرائم کی روک تھام میں نمایاں بہتری آئے گی۔