شارع فیصل پر کورنوکورپس ختم کرکے نئے درخت لگانے کی ہدایت
کورنو کورپس درخت انسانی صحت اور ماحولیات کے لئے نقصان دہ ہیں ،بلدیاتی ادارے صفائی کے اقدامات کریں،کمشنرکراچی حسن نقوی کا مختلف مقامات پر زیر تعمیر عمارتوں، فٹ پاتھوں کی ٹوٹ پھوٹ ، سروس روڈ پر تعمیراتی ملبہ اور صفائی کے نظام کا نوٹس
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے بدھ کو شارع فیصل کا دورہ کر کے شاہرا ہ پر صفائی اور خوبصورتی کے کام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز اور بلدیاتی اداروں کو ہدایت کی کہ شارع کو خوبصورت بنانے کے لیے ترجیحی اقدامات کریں ،یقینی بنائیں کہ شارع کے دو نوں اطراف فٹ پاتھ سروس روڈ اور سینٹرل ریزرویشن پر ماحول دوست درختوں ہوں ۔کمشنر نے ائر پورٹ سے ناتھا گوٹھ پل تک لگے ہوئے کورنو کورپس درختوں کا نوٹس لیا۔
انہوں نے کہا کورنو کورپس درخت انسانی صحت اور ماحولیات کے لئے نقصان دہ ہیں انہیں فوری ختم کر کے ان کی جگہ ماحول دوست درخت لگائے جائیں، ہٹانے اور لگانے کا کام ساتھ ساتھ کیا جائے۔ انہوں نے دورہ پر موجود ڈائریکٹر پارکس کو ہدایت کی کورنو کورپس درختوں کو جڑ سے ختم کر کر نئے درخت لگائے جائیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر شرقی نصرللہ عباسی، ڈپٹی کمشنر ملیر سمیع اللہ شیخ، اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹرز رابعہ سید، اسسٹنٹ کمشنر وقاص عباسی، ڈائریکٹر ترقیات نسیم بھٹو بشرقی اور ملیر اور شرقی اضلاع کے ٹاؤن ایڈمنسٹریشن کے میونسپل کمشنرز بھی موجود تھے۔
کمشنر کراچی نے بلدیہ عظمیٰ اور دیگر بلدیاتی اداروں سے بھی کہا کہ وہ شہر کے ماحولیات اور صفائی کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات کریں کورنوکارپس کے درختوں کو ختم کریں اس سے شہر کی فضائی آلودگی کم ہوگی ۔کمشنر نے شارع فیصل کے دونوں اطراف کا تفصیلی دور ہ کیا۔ مختلف مقامات پر زیر تعمیر عمارتوں فٹ پاتھوں کی ٹوٹ پھوٹ ، سروس روڈ پر تعمیراتی ملبہ اور صفائی کے نظام کا بھی نوٹس لیا۔
انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی وہ تعمیراتی ملبہ سروس روڈ پر ڈالنے اور گاڑیوں اور پیدل چلنے والوں کی پریشانیوں کے پیش نظر متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر صورتحال کو بہتر بنائیں ۔ کمشنر نے ناتھا خان پل کے نیچے اور ڈرگ روڈ پل اور شہید ملت پلوں سمیت مختلف مقامات پر غیر قانونی مزدا دیگر کمرشل گاڑیوں اور رکشوں اور مختلف مقامات پر جھاڑیوں کی وجہ سے پیدا ہونے والی بد نمائی کو دور کرنے کے بھی اقدامات کرنے کی ہدایت کی انھوں نے کہا کہ اس سے شاہراہ فیصل کو خوبصورت بنانے کی حکومت کی کوششیں متاثر ہورہی ہیں۔