یونیورسٹی روڈ کی صورتحال بدترین، سڑک پر گڑھے موت کے کنویں کا منظر پیش کر رہے ہیں
ریڈلائن کی تعمیرات ساڑھے چار سال سے جاری ،منصوبے کی فوری تکمیل کے امکانات نہیں ،سڑکوں پر سیوریج کا پانی جمع،گڑھوں میں موٹرسائیکل سوار اور رکشے گرنے کے واقعات معمول
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)یونی ورسٹی روڈ کی صورت حال بدترین ہوگئی ہے جہاں گزشتہ چند برسوں سے زیرتعمیر ریڈ لائن کی وجہ بنے ہوئے گڑھے گندا پانی جمع ہونے کی وجہ سے شہریوں کے لیے موت کے کنویں کا منظر پیش کر رہے ہیں اور حادثات معمول بن گئے ہیں۔یونی ورسٹی روڈ پر ریڈ لائن کی تعمیرات گزشتہ ساڑھے چار سال سے جاری ہے اور منصوبے کی فوری تکمیل کے امکانات نہیں ہیں جبکہ ملیر ہالٹ سے نمائش چورنگی تک سڑک کی حالت بدترین ہوگئی ہے جگہ جگہ بڑے بڑے گڑھے پڑھے ہوئے جس میں شہری گر رہے ہیں۔ دوسری جانب حسن اسکوائر سے جیل چورنگی جانے والے راستے میں سیوریج کا پانی جمع ہوا ہے اور اسی مقام پر بڑے بڑے گڑھے پڑے ہوئے ہے جہاں موٹرسائیکل سوار اور رکشے گرنے کے واقعات معمول بن چکے ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق انکی ٹیم جب اس مقام کی کوریج کر رہی تھی تو اس دوران ایک رکشہ ایسے ہی ایک گڑھے میں گرا اور چند ہی لمحے بعد ایک اور رکشہ اسی گڑھے میں گرا جس میں خواتین سوار تھیں جن کو شہریوں نے فوری طور مد د فراہم کی۔اسی دوران ایک موٹرسائیکل سوار اس گڑھے میں گر کرزخمی ہوگیا، جس کے بعد فوری طور ایک اس مقام پر لکڑیاں لگا کر راستہ بند کردیا گیا تاکہ مزید کوئی حادثہ رونما نہ ہو۔یونی ورسٹی روڈ پر بھی ایسی ہی صورت حال جگہ جگہ دیکھنے کو ملی وہاں موجود شہریوں نے بتایا کہ پانی کے نیچے بڑے بڑے گڑھے ہیں جس کے باعث شہری حادثے کا شکار ہوجاتے ہیں۔