عمرکوٹ میں مکانات کی مسماری، جے ڈبلیو سی وفد کادورہ

عمرکوٹ میں مکانات کی مسماری، جے ڈبلیو سی وفد کادورہ

متاثرہ لڑکیوں اور ان کے ورثاء سے واقعہ کی تفصیلات دریافت کیں ماچھی برادری دیرینہ رہائشی، پولیس کا عمل قابل مذمت،ظفر ہکڑو ودیگر

میرپور خاص (بیورو رپورٹ)عمرکوٹ میں ماچھی برادری کے مکانات کی مسماری اور خواتین پر پولیس تشدد کے بعد جے ڈبلیو سی کے اعلیٰ سطحی وفد نے متاثرہ علاقے کا دورہ کیا جہاں انہوں نے متاثرہ خاندانوں کے افراد سے ملاقات کی اور ان کے حالات کا جائزہ لیا وفد میں جے ڈبلیو سی کے سینئر نائب صدر نذیر پنہور، میڈیا کے ترجمان ظفر ہکڑو، اسماعیل بریجو، شوکت پنہور، شاہد خاصخیلی، مدن گوپال، نظام پنہور، اسد چاکی، اعجاز بھٹی اور بلال محمود شامل تھے وفد نے متاثرہ لڑکیوں اور ان کے ورثاء سے واقعہ کی تفصیلات دریافت کیں اور انہیں ہمدردی کے طور پر عید کے لئے کھانے پینے سمیت دیگر ضروری اشیاء فراہم کیں۔

اس موقع پر سینئر نائب صدر نذیر پنہور، ظفر ہکڑو اور اسماعیل بریجو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماچھی برادری سندھ سمیت عمرکوٹ کی دیرینہ رہائشی ہے جس کی لڑکیوں کو پولیس نے بلاجواز تشدد کا نشانہ بنایا یہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت عمل ہے ان کا کہنا تھا کہ جب میڈیا نے اس واقعے کو نمایاں انداز میں منظر عام پر لایا تو پورے سندھ کا شعور مظلوم ماچھی برادری کے ساتھ کھڑا ہوا رہنماؤں کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت کے وزرا، مشیران اور اعلیٰ پولیس حکام کی جانب سے نوٹس لینے کے بعد ڈرامائی انداز میں درج ذیل عملے کو عارضی طور پر فارغ کر دیا گیا، تاہم صرف برطرفی کافی نہیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ سندھ حکومت متاثرہ خاندانوں کے لئے فوری طور پر مکانات تعمیر کرے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں