ایران پر امریکی و اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، شیعہ علماء کونسل
کراچی(اسٹاف رپورٹر) شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی نے ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ۔۔۔
یہ کھلی جارحیت نہ صرف بین الاقوامی قوانین بلکہ اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی صریح خلاف ورزی ہے ایران ایک خودمختار ریاست ہے اور اس کی سالمیت پر حملہ پورے خطے کو تباہ کن جنگ کی طرف دھکیل سکتا ہے اسلامی جمہوریہ ایران اس جارحیت کا بھرپور اور شدید ترین جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے اور کسی بھی ملک کی خودمختاری کے دفاع کو کمزوری نہ سمجھا جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ علاقائی پیش رفت، بالخصوص نتن یاہو اور مودی کی ملاقات اور خطے میں بڑھتی کشیدگی کئی سوالات کو جنم دے رہی ہے خطے میں جاری تنازعات اور محاذ آرائی کو وسیع تر جغرافیائی سیاسی تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ فوری جنگ بندی، کشیدگی میں کمی اور بامقصد مذاکرات کے لیے کردار ادا کیا جائے تاکہ خطہ کسی بڑے انسانی المیے سے محفوظ رہ سکے طاقت کے استعمال سے مسائل حل نہیں ہوتے بلکہ مزید پیچیدگیاں اور عدم استحکام جنم لیتا ہے۔