ڈیفنس میں سکیورٹی گارڈ نے شہری کولٹنے سے بچالیا

ڈیفنس میں سکیورٹی گارڈ نے شہری کولٹنے سے بچالیا

سکیورٹی گارڈ کی ہوائی فائرنگ سے موٹر سائیکل سوار 4 ڈاکو فرار ہوگئے درخشاں تھانے کی حدود می پیش آئے واقعے کی فوٹیجز حاصل کرلیں،پولیس

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)ڈیفنس خیابان محافظ میں سکیورٹی گارڈ نے شہری سے دن دہاڑے لوٹ مار کی کوشش ناکام بنادی۔تفصیلات کے مطابق شہری کے گھر میں داخل ہوتے ہی سکیورٹی گارڈ کی ہوائی فائرنگ سے موٹر سائیکل سوار 4 ڈاکو فرار ہوئے جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئیں۔موٹر سائیکل سوار شہری نجی بینک سے 5 لاکھ روپے کی رقم نکلوا کر واپس جارہا تھا کہ راستے میں دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار مسلح ملزمان نے اسے روک لیا۔ اسی دوران شہری نے قریب واقع بنگلے کا دروازہ کھلا دیکھا اور جان بچانے کے لیے اندر داخل ہوگیا۔سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملزمان بھی موٹر سائیکل سے اتر کر بنگلے کے اندر داخل ہوئے اور لوٹ مار کی کوشش کی۔

تاہم بنگلے پر تعینات سکیورٹی گارڈ نے پہلے ہوائی فائرنگ کی اور بعد ازاں فرار ہونے والے ملزمان پر بھی فائر کھول دیا، جس کے بعد ڈاکو شہری سے رقم لوٹے بغیر ہی فرار ہوگئے ۔ایس ایچ او درخشاں ریاض کے مطابق درخشاں تھانے کی حدود میں 24 فروری کے روز پیش آئے واقعے کی مختلف سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کرلی ہیں جس میں 4 ملزمان کو موٹر سائیکل سوار شہری سے واردات کرنے کی کوشش کرتے دیکھا گیا ہے ۔فوٹیجز میں دیکھا گیا ہے کہ پینٹ شرٹ پہنے ملزمان نے موٹر سائیکل سوار شہری کو چلتی موٹر سائیکل پر عقب سے دبوچنے کی کوشش کی جس پر شہری ایک گھر میں گھس گیا ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں