گراں فروشوں کے خلاف کارروائی ،11دکانیں سربمہر
کارروائی کے دوران 267 گراں فروشوں پر 21لاکھ 26 ہزار روپے جرمانہ عائد31گراں فروش گرفتار کرلیے ،کمشنر کی ہدایت پران اسپاٹ آکشن کا دائرہ وسیع
کراچی(این این آئی)کراچی انتظامیہ کی گراں فروشوں کے خلا ف مہم جاری ہے ، کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی ہدایت پر ان اسپاٹ آکشن کا دائرہ وسیع کردیا گیا۔دسویں رمضان کو مجسٹریٹس نے شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے 309 مقامات پر گراں فروشی کے مرتکب دکانداروں کی اشیا نیلامی کے ذریعے سرکاری نرخوں پر اشیا فروخت کرائیں ۔کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ گراں فروشوں کے خلاف کوئی رعایت نہ کریں ۔ سرکاری نرخ سختی سے نافذ کریں یقینی بنائیں کہ شہریوں کو ماہ رمضان میں اشیا خورونوش میں ریلیف فراہم کرنے کی حکومت کی کوششیں بارآور ہوں زیادہ سے زیادہ مقامات پر اشیا کی نیلامی کی جائے۔
کمشنر کراچی کے ہینڈ اوٹ کے مطابق کراچی انتظامیہ کے تمام افسران سرکاری نرخ نافذ کرنے کے لیے فیلڈ میں رہے ۔مجسٹریٹس نے قیمتیں چیک کیں اور سرکاری نرخ پر قیمت پر اشیا کی نیلامی کرائی ہے ۔جاری کردہ رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر دسویں رمضان المبارک کو 267گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کی گئی جس میں 21 لاکھ 26 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ گراں فروشی کے مرتکب 31 گراں فروش گرفتار کیا گیا جبکہ سرکاری نرخ کی خلاف ورزی پر گیارہ دکانیں سیل کی گئیں ۔مجموعی طور مجسٹریٹس نے 13 سو 30 مقامات پر اشیا چیک کیں اور تین سو 9 مقامات پر اپنی نگرانی میں سرکاری نرخوں پر اشیا کی نیلامی کرائی۔